یوم پاکستان کی مناسبت سے کوک اسٹوڈیو کا خصوصی ٹریک ریلیز

اپ ڈیٹ 20 مارچ 2021
اس خصوصی ترانے کو صرف15 گھنٹے میں 93 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے— فوٹو:اسکرین شاٹ
اس خصوصی ترانے کو صرف15 گھنٹے میں 93 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے— فوٹو:اسکرین شاٹ

کوک اسٹوڈیو نے یوم پاکستان (23 مارچ) کی مناسبت سے نیا ٹریک ریلیز کیا ہے کہ جس کی دھنیں حب الوطنیٰ سے بھرپور ہیں۔

'آو عہد کریں ' کے عنوان سے جاری کوک اسٹوڈیو کے اس خصوصی ترانے کو صرف15 گھنٹے میں 93 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

اس میوزک ویڈیو میں پاکستان کی متنوع ثقافت، روایات اور تاریخی مقامات کو بھی دکھایا گیا ہے۔

کوک اسٹوڈیو کے نئے ٹیلنٹ کی آواز میں ریلیز کی گئی اس ویڈیو میں پہاڑوں سے لے کر سمندر تک، مغل تاریخی ورثے، ساحل سمندر پر غروبِ آفتاب کے حسین منظر اور مینار پاکستان سمیت کئی خوبصورت مناظر دکھائے گئے۔

اس گانے میں ینگ اسٹنرز، سعادت شفقت امانت علی، زاو علی، علی حمزہ، نمرہ رفیق، مہک علی، عدنان دھول، ہارون شاہد نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

علاوہ ازیں سرتال اکیڈمی، نبیحہ سلیم، سعد احمد، زہاب حسین، ردا بتول، فروا بتول، شموں بائی، کاشف دن اور وشنو ساگر بھی اس گانے کا حصہ ہیں۔

پاکستان ڈے کی مناسبت سے ریلیز کیا گیا کوک اسٹوڈیو کا خصوصی ٹریک علی حمزہ نے پروڈیوس کیا ہے۔

اس خصوصی ٹریک میں 'وطن کی مٹی' ، 'اپنی قوت اپنی جان جاگ رہا ہے پاکستان'، 'اتنے بڑے جیون ساگر میں'، 'اللہ اکبر ' اور 'میرا انعام پاکستان، میرا پیغام پاکستان' کے نغمے شامل ہیں۔

کوک اسٹوڈیو کے اس ٹریک کو موسیقی کے دیوانوں کی جانب سے بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں