ون پلس نے 9 سیریز کے فونز متعارف کرادیے

24 مارچ 2021
ون پلس 9 پرو میں چار کیمرے دیے گئے ہیں—فوٹو: کمپنی ویب سائٹ
ون پلس 9 پرو میں چار کیمرے دیے گئے ہیں—فوٹو: کمپنی ویب سائٹ

چینی ملٹی نیشنل موبائل کمپنی ’ون پلس‘ نے بلآخر فائیو جی ٹیکنالوجی سے لیس سام سنگ گلیکسی اور ایپل کے ٹکر کے 9 سیریز موبائل متعارف کرادیے۔

کمپنی کی جانب سے 23 مارچ کو تین مختلف موبائل متعارف کرائے گئے، جنہیں کورین کمپنی سام سنگ اور امریکی کمپنی ایپل کے مہنگے اور سب سے اچھے فونز کے ٹکر کے موبائل قرار دیا جا رہا ہے۔

ون پلس نے 23 مارچ کو ون پلس 9، ون پلس 9 پرو اور ون پلس 8 ٹی، ون پلس 8 ٹی پرو، ون پلس 8 اور ون پلس 7 ٹی فونز متعارف کرادیے۔

کمپنی کی جانب سے متعارف کرائے گئے فونز میں سے 9 سیریز کے فونز کو کمپنی کے اب تک سب سے بہترین فونز قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ون پلس 9 سیریز کے بارے میں مزید تفصیلات جاری

نائن سیریز میں کمپنی نے 2 فون ون پلس 9 اور ون پلس 9 پرو متعارف کرائے ہیں جب کہ 8 سیریز میں کمپنی نے تین اور ایک 7 سیریز کا فون متعارف کرایا ہے۔

ون پلس 9 میں تین کیمرے دیے گئے ہیں—فوٹو: کمپنی ویب سائٹ
ون پلس 9 میں تین کیمرے دیے گئے ہیں—فوٹو: کمپنی ویب سائٹ

ون پلس کی جانب سے متعارف کرائے گئے 9 سیریز کے فونز کی خاص بات یہ ہے کہ ان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کی سپورٹ ہے جب کہ تینوں موبائلز کے کیمروں اور ان میں شامل کیے گئے ڈیجیٹل کلرز کی وجہ سے ان کی تعریف کی جا رہی ہے۔

کمپنی کی جانب سے متعارف کرائے گئے ون پلس 9 پرو میں چار بیک کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرہ 48 میگا پکسل ہے جب کہ 50 میگا پکسل کا الٹرا وائڈ کیمرہ بھی دیا گیا ہے اور ساتھ میں 8 میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو اور ایک منی کیمرہ بھی دیا گیا ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ موبائل میں استعمال کی گئی جدید ٹیکنالوجی کے باعث اس کا کیمرہ نیچرل رزلٹ دیتا ہے اور ساتھ ہی رنگوں کو بھی اصل حالت میں قید کرتا ے۔

ون پلس پرو کی قیمت ایک ہزار 69 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ایک لاکھ 65 ہزار روپے سے زائد رکھی گئی ہے۔

اسی طرح کمپنی کی جانب سے متعارف کرائے گئے ون پلس 9 میں تین کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرہ 48 میگا پکسل کا ہے جب کہ اس موبائل میں بھی 50 میگا پکسل کا الٹرا وائڈ کیمرہ دیا گیا ہے اور ساتھ ہی ایک مونوکروم لینس کیمرہ بھی دیا گیا ہے۔

اس موبائل کی قیمت 729 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی سوا لاکھ روپے تک کی قیمت رکھی گئی ہے۔

کمپنی کی جانب سے تیسرا فون ون پلس 8 ٹی متعارف کرایا گیا ہے اور اس میں بھی 4 کیمرے دیے گئے ہیں اور اس کا مین کیمرہ 48 میگا پکسل کا ہے۔

ون پلس 8 ٹی کی قیمت بھی 500 سے 800 امریکی ڈالر تک رکھی گئی ہے۔

ون پلس کی جانب سے متعارف کرائے گئے فونز کو مختلف ممالک کے دکانوں پر بھی فروخت کے لیے پیش کردیا گیا جب کہ دنیا بھر کے صارفین آن لائن بھی منگوا سکتے ہیں۔

ون پلس 8 پرو میں بھی تین کیمرے دیے گئے ہیں—فوٹو: کمپنی ویب سائٹ
ون پلس 8 پرو میں بھی تین کیمرے دیے گئے ہیں—فوٹو: کمپنی ویب سائٹ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں