کریسی تیگن نے اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا

اپ ڈیٹ 25 مارچ 2021
کریسی تیگن کا انسٹاگرام ایکٹو ہے—فائل فوٹو: اے پی
کریسی تیگن کا انسٹاگرام ایکٹو ہے—فائل فوٹو: اے پی

امریکی ماڈل کریسی تیگن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر موجود اپنا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سوشل میڈیا سائٹ اب ان کی زندگی میں کوئی مثبت کردار ادا نہیں کرتی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق کریسی تیگن نے اپنے ایک کروڑ 37 لاکھ فالوورز کے لیے کی گئی پوسٹ میں لکھا کہ '10 سال سے آپ لوگ میری دنیا رہے ہیں لیکن اب الوداع کہنے کا وقت آگیا ہے'۔

کریسی تیگن نے لکھا کہ یہ اب میرے لیے مثبت انداز میں کام نہیں کرتا بلکہ منفی انداز میں کام کرتا ہے اور میرے خیال میں اس حوالے سے کچھ کرنے کا اب یہ صحیح وقت ہے۔

امریکی ماڈل کا اکاؤنٹ ان کے شوہر جان لیجنڈ اور ان کے بچوں سے متعلق ملی جلی مزاحیہ پوسٹ، مختلف موضوعات سے متعلق مزاحیہ مشاہدات اور ان لوگوں پر شدید تنقید، جن سے وہ اختلاف رکھتی تھیں یا جو ان پر تنقید کرتے تھے، سے متعلق مختلف پوسٹس کا مجموعہ تھا۔

انہوں نے لکھا کہ 'میری زندگی کا مقصد لوگوں کو خوش رکھنا ہے، جب میں ایسا نہیں کرتی تو میں بہت زیادہ تکلیف محسوس کرتی ہوں'۔

کریسی تیگن نے لکھا کہ مجھے ہمیشہ ایک مضبوط لڑکی کے طور پر بتایا جاتا ہے لیکن میں ایسی نہیں ہوں۔

گزشتہ برس کریسی تیگن نے اپنا حمل ضائع ہونے سے متعلق ایک پوسٹ شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے ہسپتال میں اپنی ایک تصویر شیئر کی تھی۔

ایک اور تصویر میں کریسی تیگن اور ان کے شوہر کو اس نقصان پر افسردہ دیکھا گیا تھا۔

کچھ صارفین نے ایسے تکلیف دہ اور غمگین لمحات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر ان پر تنقید کی تھی۔

کریسی تیگن نے لکھا کہ انہیں کم فالوورز والے اکاؤنٹس کی جانب سے کئی حملوں کا سامنا ہوا اور انہیں بہت تکلیف ہوئی۔

اپنی آخری پوسٹ میں انہوں نے اپنے فالوورز کو بتایا کہ 'وہ یہ نہ بھولیں کہ آپ کے الفاظ اہمیت رکھتے ہیں'۔

کریسی تیگن کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 3 کروڑ 40 لاکھ فالوورز ہیں اور ان کا یہ اکاؤنٹ ایکٹو ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں