گلگت: وادی نلتر میں مسافر وین پر فائرنگ، خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق

25 مارچ 2021
وین میں 18 مسافر سوار تھے—فوٹو: امتیاز علی تاج
وین میں 18 مسافر سوار تھے—فوٹو: امتیاز علی تاج

گلگت بلتستان کی وادی نلتر میں نامعلوم مسلح افراد کی ایک مسافر وین پر فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ایک وین خواتین سمیت 18 مسافروں کو لے کر گلگت ٹاؤن سے نلتر جارہی تھی کہ سہ پہر تین بجے کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے نلتر کے علاقے میں گاڑی پر فائرنگ کردی۔

سینئرسپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) گلگت مرزا حسن نے ڈان کو بتایا کہ واقعہ میں 6 مقامی افراد جاں بحق ہوئے جس میں ایک خاتون بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ 7 مسافر زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان: دہشتگردوں کا پولیس چوکی پر حملہ، 3 اہلکار جاں بحق

پولیس اور ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو سٹی ہسپتال گلگت منتقل کردیا۔

ایس ایس پی کے مطابق تمام افراد خطرے سے باہر ہیں اور انہیں علاج فراہم کیا جارہا ہے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد ایس ایس پی مرزا حسن کی سربراہی میں پولیس ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی اور حملے کی تحقیقات شروع کردیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کو گرفتار کرنے کی ہدایت کردی۔

ایک اعلامیہ میں وزیراعلیٰ نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت کے 'حلقہ دو' کے انتخابی نتیجے کے خلاف احتجاج، 4 گاڑیاں نذر آتش

انہوں نے گلگت بلتستان پولیس، رینجرز، اسکاؤٹس کو ہدایت کی کہ وہ واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔

وزیراعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ الرٹ رہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ علاقے میں امن برقرار رکھنے کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کریں، مزید یہ کہ انہوں نے عزم کیا کہ حملے میں ملوث عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ قراقرم ہائی وے پر مسافروں کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں