• KHI: Maghrib 6:38pm Isha 7:54pm
  • LHR: Maghrib 6:11pm Isha 7:33pm
  • ISB: Maghrib 6:17pm Isha 7:41pm
  • KHI: Maghrib 6:38pm Isha 7:54pm
  • LHR: Maghrib 6:11pm Isha 7:33pm
  • ISB: Maghrib 6:17pm Isha 7:41pm

اہم شخصیات کا حسینہ معین کے انتقال پر اظہار افسوس

شائع March 26, 2021
حسینہ معین 26 مارچ کی صبح انتقال کر گئی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
حسینہ معین 26 مارچ کی صبح انتقال کر گئی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی ڈراموں کی ‘ملکہ’ کہلائی جانے والی ڈراما نگار حسینہ معین کی وفات پر جہاں ان کے مداح آبدیدہ ہیں، وہیں اہم شخصیات نے بھی ان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے بچھڑنے کو شوبز انڈسٹری کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

حسینہ معین 26 مارچ کی صبح 79 سال کی عمر میں مداحوں سے بچھڑیں، انہوں ںے درجنوں مقبول ڈرامے لکھے، جنہیں آج بھی دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہے۔

حسینہ معین کی وفات پر متعدد شوبز، سیاسی و سماجی شخصیات نے سوشل میڈیا پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔

سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے حسینہ معین کے انتقال پر انسٹاگرام پوسٹ میں گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کا اعتراف کیا اور لکھا کہ انہوں نے پاکستانی ڈراما انڈسٹری کو ایک نیا مقام بخشا، انہوں نے حقیقی معنوں میں ڈراموں کو نئی زندگی دی۔

سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے بھی ڈراما نگار کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں یقین ہی نہیں آ رہا کہ حسینہ معین چھوڑ کر چلی گئیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل جاوید خان نے حسینہ معین کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی اور ساتھ ہی انہوں نے ڈراما نگار کے معروف ڈراموں کی تعریف بھی کی۔

انہوں نے لکھا کہ وہ حسینہ معین کے ڈرامے دیکھ کر بڑے ہوئے اور آج تک وہ ان کے مقبول ڈراموں کے فین ہیں۔

لکھاری، انسانی حقوق کی رہنما و سیاستدان عندلیت عباس نے بھی حسینہ معین کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے لکھا کہ حسینہ معین نے خواتین کو ایک نئی خودمختاری اور آزادی کا احساس دیا۔

اداکار عمر رانا نے بھی حسینہ معین کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی انڈسٹری کو شاندار ڈرامے دینے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

صحافی عافیہ اسلم نے بھی حسینہ معین کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو شوبز انڈسٹری اور ملک کے لیے نقصان قرار دیا۔

انہوں نے حسینہ معین کے ساتھ کام کرنے کی یادیں بھی شیئر کیں اور بتایا کہ انہوں نے کئی سال تک ایک ہی دفتر میں بیٹھ کر کام کیا۔

ڈراموں کی ملکہ کی بھتیجی نے بھی ان کے انتقال پر ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں بہادر قرار دیا اور ان کے ساتھ گزرے وقت کو یاد کیا۔

اداکارہ آمنہ الیاس نےبھی حسینہ معین کے ساتھ اپنی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

پاکستان میں موجود امریکی سفارت خانے کی جانب سے بھی حسینہ معین کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا گیا، سفارت خانے کی جانب سے ڈراما ساز کے ساتھ ہی پاکستان کی پہلی ٹی وی میزبان کنول ناصر کی وفات پر بھی دکھ کا اظہار کیا گیا جو گزشتہ روز 25 مارچ کو وفات کر گئی تھیں۔

صحافی مہوش اعجاز نے بھی حسینہ معین کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پاکستانی ڈراموں کے سنہری دور کی ملکہ قرار دیا۔

ٹک ٹاک اسٹار اقصیٰ کینجھر جمالی نے بھی حسینہ معین اور کنول نصیر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، ساتھ ہی انہوں نے دونوں کے لیے مغفرت کی دعا بھی کی۔

فیشن جرنلسٹ ملیحہ رحمٰن نے بھی حسینہ معین کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظۃار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

فلم ساز مہرین جبار نے بھی حسینہ معین کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ آج آئیکون فانی دنیا سے رخصت ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 13 ستمبر 2024
کارٹون : 12 ستمبر 2024