'چاند کا ٹکڑا' لانے کی بھارتی ڈرامے کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کے مزاحیہ تبصرے

اپ ڈیٹ 31 مارچ 2021
وائرل ہونے والی یہ ویڈیو بھارتی ڈرامے 'یہ جادو ہے جن کا' کے سیزن 2 کی ہے—فائل فوٹوز اسکرین شاٹ
وائرل ہونے والی یہ ویڈیو بھارتی ڈرامے 'یہ جادو ہے جن کا' کے سیزن 2 کی ہے—فائل فوٹوز اسکرین شاٹ

محبوب کی خاطر چاند تارے توڑ کر لانے کا ذکر یوں تو شاعری میں ملتا ہے لیکن حال ہی میں بھارتی ڈرامے کی ایک وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایسا منظر دیکھا گیا تو انٹرنیٹ صارفین حیران رہ گئے۔

بھارتی ٹی وی ڈرامے اپنی مختلف بیک گراؤنڈ میوزک اور میلو ڈرامے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں اور حال ہی میں ایک بھارتی ڈرامے کی ویڈیو کے سوشل میڈیا پر بہت چرچے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ڈرامے کے ہیرو کو دلہن سے شادی کے لیے چاند کا ٹکڑا زمین پر لاتے دکھایا گیا ہے۔

ڈرامے میں موجود امن نامی کردار کو پہلے رسی کی مدد سے چاند پر جانے کی کوشش کرتے دکھایا گیا ہے اور بعدازاں ناکامی پر اسے گاڑی کے ذریعے خلا میں جا کر کچھ جادوئی الفاظ کے ذریعے چاند کا ٹکڑا زمین پر لے جاتے دکھایا گیا۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سے انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے مزاحیہ تبصرے کیے جارہے ہیں اور یہ پتا لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ آخر یہ ویڈیو کلپ کس ڈرامے کا ہے۔

وائرل ہونے والی یہ ویڈیو بھارتی ڈرامے 'یہ جادو ہے جن کا' کے سیزن ٹو کی ہے جو اسٹار پلس سے نشر ہوتا تھا۔

اس ڈرامے میں روشنی احمد کا مرکزی کردار ادیتی شرما نے ادا کیا ہے جو اپنی شادی کے لیے منعقد کیے گئے سویمور میں کہتی ہیں کہ جو بھی چاند کا ٹکڑا سب سے پہلے لائے گا وہ اسی سے شادی کریں گی۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں چاند کا ٹکڑا توڑ کر لانے والے مرکزی کردار امن جنید خان ہیں اور یہ کردار وکرم سنگھ چوہان نے ادا کیا ہے۔

یہ ڈراما اکتوبر 2019 سے نومبر 2020 کے دوران اسٹار پلس پر نشر ہوا تھا تاہم یہ ویڈیو کلپ گزشتہ چند روز میں وائرل ہوا ہے جس پر ٹوئٹر صارفین کی جانب سے تبصرے کیے جارہے ہیں۔

شمروز نامی صارف نے لکھا کہ 'کہاں سے آتے ہیں یہ لوگ؟'

دیو نامی صارف کے مطابق لاجک اور سائنس پوچھ رہی ہے کہ 'کیا کروں میں مرجاؤں'۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ 'تم جو کہہ دو تو چاند تارے توڑ لاؤں گا میں'، یہ اس کا اصل منظر ہے۔

نام نامی ٹوئٹر ہینڈل کے مطابق ناسا کا ردعمل کچھ یوں ہے۔

ابھیجیت نامی صارف کے مطابق ناسا نے بلاوجہ میں کروڑوں ڈالرز ضائع کیے۔

ایک اور صارف کے مطابق چاند پوچھ رہا ہے کہ 'مجھے کیوں توڑا؟'

خوش پریت نامی صارف کے مطابق یہ ویڈیو دیکھنے کے بعد فزکس اور نیوٹن کی لاکھوں بار موت واقع ہوئی۔

ایک اور ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ مجھے تو وقت پر رپلائی بھی نہیں کیا جاتا۔

کیتھرین نامی صارف نے لکھا کہ اسی لیے ہم بھارت سے پیچھے رہ گئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں