• KHI: Asr 4:51pm Maghrib 6:34pm
  • LHR: Asr 4:22pm Maghrib 6:06pm
  • ISB: Asr 4:27pm Maghrib 6:11pm
  • KHI: Asr 4:51pm Maghrib 6:34pm
  • LHR: Asr 4:22pm Maghrib 6:06pm
  • ISB: Asr 4:27pm Maghrib 6:11pm

بوائے فرینڈ کے صحت یاب ہوتے ہی عالیہ بھٹ کورونا کا شکار ہوگئیں

شائع April 2, 2021
اداکارہ نے خود کو قرنطینہ کرلیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے خود کو قرنطینہ کرلیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ، بوائے فرینڈ رنبیر کپور کے کورونا سے صحت یاب ہونے کے فوری بعد ہی کورونا کا شکار ہوگئیں۔

عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے علاوہ بھی کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران متعدد بولی وڈ اداکار اور دیگر شوبز شخصیات وبا کا شکار ہوئی ہیں تاہم ان میں سے زیادہ تر افراد میں کورونا کی زیادہ علامات نہیں ہیں۔

دیگر ممالک کی طرح بھارت بھی کورونا کی تیسری لہر کا شکار ہے اور حیران کن طور پر بھارت میں تیسری لہر پہلی دونوں لہروں سے تیز دکھائی دے رہی ہے اور وہاں یومیہ 50 سے 70 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہور ہے ہیں۔

دیگر ممالک کی طرح بھارت میں کورونا سے تحفظ کے لیے ویکسینیشن جاری ہے تاہم اس کے باوجود وہاں تیزی سے نئے لوگ کورونا کا شکار ہو رہے ہیں۔

عالیہ بھٹ نے گزشتہ ماہ مارچ میں بھی کورونا کا ٹیسٹ کروایا تھا مگر خوش قسمتی سے گزشتہ ماہ ان میں وبا کی تشخیص نہیں ہوئی تھی مگر اب انہوں نے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کردی۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کورونا کی تشخیص کی تصدیق کی—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کورونا کی تشخیص کی تصدیق کی—اسکرین شاٹ

عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ ان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہوں نے ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے ڈاکٹر کے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کر رکھی ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: رنبیر کپور بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

عالیہ بھٹ نے کورونا کی علامات کے حوالے سے کوئی تفصیل نہیں بتائی تاہم ذرائع کے مطابق ان میں بھی زیادہ علامات نہیں ہیں۔

عالیہ بھٹ کو ایک ایسے وقت میں کورونا ہوا ہے جب کہ ان کے بوائے فرینڈ رنبیر کپور کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں۔

رنبیر کپور میں گزشتہ ماہ 9 مارچ کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد عالیہ بھٹ نے بھی ٹیسٹ کروایا تھا مگر ان میں کورونا کی تشخیص نہیں ہوئی تھی۔

رنبیر کپور گزشتہ ہفتے کورونا سے صحت یاب ہوئے تھے اور چند دن قبل ہی انہوں نے معمولات زندگی شروع کیے تھے مگر اداکار کی جانب سے معمولات زندگی شروع کرنے کے ایک دن بعد ہی ان کی گرل فرینڈ عالیہ بھٹ میں کورونا کی تشخیص ہوگئی۔

ہندوستان ٹائمز نے بھی بتایا کہ رنبیر کپور کے صحت یاب ہونے کے ایک دن بعد ہی عالیہ بھٹ میں کورونا کی تشخیص ہوئی تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ اداکارہ میں وبا کی تشخیص اداکار سے ملاقات کی وجہ سے ہوئی یا نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 17 ستمبر 2024
کارٹون : 16 ستمبر 2024