پاکستان میں مسلسل دوسرے روز کورونا سے 100 سے زائد اموات

اپ ڈیٹ 07 اپريل 2021
وائرس کی تشخیص کے لیے 6 اپریل کو مجموعی طور پر 41 ہزار 699 ٹیسٹس کیے گئے — فائل فوٹو / رائٹرز
وائرس کی تشخیص کے لیے 6 اپریل کو مجموعی طور پر 41 ہزار 699 ٹیسٹس کیے گئے — فائل فوٹو / رائٹرز

ملک میں لگاتار دوسرے روز کورونا سے 100 اموات ریکارڈ کی گئی جبکہ کیسز کی تعداد بھی ایک بار پھر 4 ہزار سے زائد ہوگئی۔

کورونا کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 4 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور 102 مریض انتقال کر گئے۔

وائرس کی تشخیص کے لیے 6 اپریل کو مجموعی طور پر 41 ہزار 699 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 9.6 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 64 ہزار 373 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 188 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 15 ہزار 26 زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2 ہزار 631 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 20 ہزار 789 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں۔

تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ زیادہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 2 ہزار 25 افراد اس وائرس کا شکار بنے اور 56 انتقال کر گئے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 37 ہزار 594 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 731 تک پہنچ گئی ہے۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں وبائی صورتحال نسبتاً بہتر ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 312 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 67 ہزار 238 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 6 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 516 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی بیماری کا پھیلاؤ شدت اختیار کر گیا ہے اور یہاں گزشتہ روز 829 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 27 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 93 ہزار 862 ہے جبکہ 2 ہزار 496 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں کئی ماہ بعد یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 87 تک جاپہنچی جبکہ ایک مریض جاں بحق ہوا۔

صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 942 کیسز اور 212 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 564 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 4 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 62 ہزار 775 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 588 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 184 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 8 مریضوں کا انتقال ہوگیا۔

آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 13 ہزار 713 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس میں سے 380 انتقال کر گئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے تاہم گزشتہ روز 3 نئے کیسز رپورٹ ہوئے, یوں مجموعی کیسز 5 ہزار 64 ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں