جب لڑکپن ختم ہوگا تب ماہرہ خان کے ساتھ کام کروں گا، دانیال ظفر

اپ ڈیٹ 04 مئ 2021
دانیال ظفر اداکاری کا ڈیبیو ماہرہ خان کی پروڈیوس کردہ ویب سیریز سے کریں گے—فائل فوٹو: فیس بک
دانیال ظفر اداکاری کا ڈیبیو ماہرہ خان کی پروڈیوس کردہ ویب سیریز سے کریں گے—فائل فوٹو: فیس بک

اداکارہ ماہرہ خان کی پروڈیوس کردہ پہلی ویب اسپورٹس سیریز ’بارہواں کھلاڑی‘ کے مرکزی اداکار دانیال ظفر کے مطابق ابھی وہ کم عمر ہیں جب تین سے چار سال بعد وہ سنجیدہ شخص بن جائیں گے، تب وہ ماہرہ خان کے ساتھ کام کریں گے۔

گلوکار علی ظفر کے چھوٹے بھائی اور چند سال سے گلوکاری میں سروں کے جادو بکھیرنے والے دانیال ظفر جلد ہی پہلی مرتبہ ویب سیریز میں اداکاری کرتے دکھائی دیں گے۔

’بارہواں کھلاڑی‘ میں دانیال ظفر کے علاوہ سوشل میڈیا اسٹار کنزا ہاشمی، یوٹیوبر شاہ ویر جعفری، سرمد کھوسٹ، میرا سیٹھی اور صبا فیصل جیسے اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

’بارہواں کھلاڑی‘ کو ماہرہ خان کی پروڈکشن کمپنی ’سول فرائے فلمز‘ (Soul Fry Films) کے بینر تلے مقامی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’ ٹیپ میڈ ڈاٹ ٹی وی‘ (tapmad.tv) پر ریلیز کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ’بارہواں کھلاڑی‘ کے ٹیزر نے کرکٹ شائقین کا جوش بڑھا دیا

رواں برس فروری میں ویب سیریز کا ٹیزر جاری کیا گیا تھا، جسے دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ سیریز کی کہانی کرکٹ شائقین کو بھی بہت پسند آئے گی۔

’بارہواں کھلاڑی‘ کی کہانی شاہد ڈوگر نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات ’شاہد‘ اور ’موٹر سائیکل گرل‘ جیسی فلمیں بنانے والے ہدایت کار عدنان سرور نے دی ہیں۔

’بارہواں کھلاڑی‘ کا ٹیزر فروری میں جاری کیا گیا تھا—پرومو فوٹو
’بارہواں کھلاڑی‘ کا ٹیزر فروری میں جاری کیا گیا تھا—پرومو فوٹو

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ سیریز کو کب تک ریلیز کیا جائے گا تاہم سیریز کی ریلیز سے قبل دانیال ظفر نے ایک حالیہ انٹرویو میں سیریز کی پروڈیوسر ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے کے سوال پر دلچسپ جوابات دیے۔

دانیال ظفر نے انڈیپینڈنٹ اردو کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ اس وقت عمر کے حساب سے اگر انہیں ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے گا تو اداکارہ کو ان کی بڑی بہن کا کردار ادا کرنا ہوگا۔

دانیال ظفر نے ماہرہ خان کے حوالے سے بڑی بہن کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے ہنستے ہوئے اداکارہ سے معذرت بھی کی تاہم ساتھ ہی خود کو کم عمر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کچھ سال انتظار کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: ’بارہواں کھلاڑی‘ میں ماہرہ خان نے خود کیوں کام نہیں کیا؟

دانیال ظفر کے مطابق وہ ابھی لڑکپن کے دور سے گزر رہے ہیں اور تین سے چار سال بعد جب وہ کم عمری سے گزر کر سنجیدہ مرد بن جائیں گے تب وہ ماہرہ خان کے ساتھ کام کریں گے۔

ساتھ ہی دانیال ظفر نے ہنستے ہوئے کہا کہ ایسا ممکن ہے کہ اب بھی وہ ماہرہ خان کے ساتھ بطور ہیرو کام کریں تاہم انہیں معلوم نہیں کہ ایسا کب ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں