کیا آپ کو معلوم ہے کہ ایک وقت میں سب سے زیادہ بچے جنم دینے (جو سب زندہ بھی بچ گئے) کا ریکارڈ کس خاتون کے پاس ہے؟

اگر نہیں تو جان لیں کہ وہ نادیہ سلیمان نامی ایک امریکی یہودی خاتون ہیں جنہوں نے جنوری 2009 میں 8 بچوں کو بیک وقت جنم دیا جو سب زندہ بھی بچ گئے۔

مگر اب یہ ریکارڈ بہت جلد افریقی ملک مالی سے تعلق رکھنے والی خاتون کے نام ہونے والا ہے۔

حلیمہ سیسی نامی خاتون کے ہاں 9 بچوں کی بیک وقت پیدائش ہوئی ہے اور یہ ڈاکٹروں کے اندازے سے بھی زیادہ ہے۔

25 سالہ حلیمہ کے الٹرا ساؤنڈ مراکش اور مالی میں ہوئے اور ان سے 7 بچوں کی پیدائش کا عندیہ ملا تھا مگر حیران کن طور پر 2 بچے نظر نہیں آسکے۔

تمام بچوں کی پیدائش آپریشن سے ہوئی۔

حلیمہ کا حمل مالی کے باسیوں اور رہنماؤں کی توجہ کا مرکز اس وقت بن گیا تھا جب مارچ میں ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ خاتون کو خصوصی نگہداشت کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر مالی حکومت نے حلیمہ کو مراکش بھیج دیا تھا جہاں اس نے 5 لڑکیوں اور 4 لڑکوں کو جنم دیا۔

مالی کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ماں اور بچے ٹھیک ہیں اور آئندہ چند ہفتوں میں وہ گھر واپس آجائیں گے۔

تاہم مراکش کی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ انہیں اس بارے میں کچھ علم نہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک کے کسی ہسپتال میں ایک خاتون کے ہاں اتنے زیادہ بچوں کی پیدائش کے بارے میں علم نہیں۔

طبی ماہرین کو حلیمہ کی صحت کے ساتھ ساتھ بچوں کے زندگی کی بھی فکر ہے کیونکہ بیک وقت 9 بچوں کی پیدائش بہت کم ہوتی ہے اور ایسا ہونے پر پیچیدگیوں کے باعث چند بچوں کی ہلاکت ہوجاتی ہے۔

اگر حلیمہ کے بچے مشکلات سے بچنے میں کامیاب ہوگئے تو ایک خاتون کے ہاں بیک وقت سب سے زیادہ بچوں کا عالمی ریکارڈ بھی ان کے نام ہوجائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں