فیس بک کو اکثر گمراہ کن مواد اور جعلی خبروں کے پھیلاؤ کی روک تھام میں ناکامی پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ فیس بک کی جانب سے اس کی روک تھام کے لیے مختلف اقدامات کیے جاتے رہے ہیں۔

اب فیس بک نے اس حوالے سے ایک کارآمد فیچر کو متعارف کرایا ہے جو ممکنہ طور پر لوگوں کو گمراہ کن تفصیلات شیئر کرنے سے روکنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

فیس بک کی جانب سے نیوز مضامین کی پوسٹس کو شیئر کرنے سے قبل ایک پوپ اپ ونڈو کے ذریعے مشورہ دیا جائے گا کہ وہ اس لنک کو دوستوں سے شیئر کرنے سے قبل اس مضمون کو پڑھ لیں۔

فیس بک کی جانب سے اس فیچر کا اعلان 10 مئی کو کیا گیا۔

فیس بک کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ اس کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے 6 فیصد عالمی صارفین پر اس فیچر کو آزمایا جائے گا۔

اس فیچر کا مقصد لوگوں کو اس بات پر قائل کرنا ہے کہ وہ کسی بھی مضمون کو شیئر کرنے سے قبل اس کو مکمل پڑھ لیں، صرف ہیڈلائن کو دیکھ کر شیئر نہ کریں۔

اس سے قبل ٹوئٹر کی جانب سے اس طرح کے فیچر کو پیش کیا گیا تھا جس میں صارفین کو کہا گیا تھا کہ مضامین کے لنک اوپن کیے بغیر شیئر نہ کریں، کیونکہ ہوسکتا ہے کہ ان میں اہم حقائق موجود نہ ہو۔

فیس بک کے فیچر میں جو پروموٹ نظر آئے گا اس میں 2 آپشن ہوں گے، ایک اوپن آرٹیکل اور دوسرا کنٹینیو شیئرنگ۔

کمپنی کو توقع ہے کہ یہ پروموٹ کچھ افراد کو نیوز اسٹوریز شیئر کرنے سے قبل پڑھنے پر قائل کرسکے گا، تاہم انہیں بغیر پڑھے بھی اسے شیئر کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں