'چپکے چپکے' کے بعد عائزہ خان 'لاپتا' میں اداکاری کریں گی

اپ ڈیٹ 19 مئ 2021
عائزہ خان انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی اداکارہ ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
عائزہ خان انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی اداکارہ ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

رمضان المبارک میں نشر ہونے والے خصوصی ڈراما سیریل ' چپکے چپکے' کے بعد پاکستان کی معروف اداکارہ عائزہ خان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

اب عائزہ خان نے اپنے مداحوں کو بتایا ہے کہ وہ جلد ایک ڈرامے میں نئے کردار میں نظر آئیں گی جو یقینی طور پر سب کو پسند آئے گا۔

حال ہی میں عائزہ خان نے انسٹاگرام پر لائیو سیشن کے دوران 'چپکے چپکے' میں 'مینو' کے کردار کو پسند کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔

مزید پڑھیں: عائزہ خان پھر سے انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی اداکارہ بن گئیں

اسی لائیو سیشن کے دوران عائزہ خان نے بتایا تھا کہ وہ جلد نجی چینل 'ہم ٹی وی' کے نئے ڈراما سیریل میں نظر آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ 'میں آئندہ ماہ نئے ڈراما سیریل لاپتا کی شوٹنگ شروع کروں گی جو ہم ٹی وی کی پروڈکشن ہے'۔

علاوہ ازیں عائزہ خان نے 'لاپتا' ڈرامے کی کاسٹ میں شامل دیگر اداکاروں کے ناموں کی بھی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ' ڈرامے میں سارہ خان، علی رحمٰن خان، گوہر رشید، اسما عباس اور دیگر شامل ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: عائزہ خان انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی اداکارہ بن گئیں

عائزہ خان نے بتایا کہ ' ڈرامے میں میرا ایک حیرت انگیز کردار ہے اور میرا خیال ہے کہ آپ لوگوں نے اس سے قبل مجھے ایسے کردار میں نہیں دیکھا ہوگا'۔

خیال رہے کہ چند روز قبل عائزہ خان ایک مرتبہ پھر فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی اداکارہ بنی ہیں اور ان کے فالوورز کی تعداد 90لاکھ ہوگئی ہے۔

عائزہ خان کے فالوورز کی تعداد میں حالیہ اضافہ رمضان المبارک میں نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے خصوصی ڈرامے 'چپکے چپکے' کے باعث ہوا۔

'چپکے چپکے' میں عائزہ خان نے منیہا عرف مینو نامی چلبلی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا اور عثمان خالد بٹ کے ساتھ ان کی جوڑی کو بھی بہت زیادہ پسند کیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں