سال 2022 میں بھی ’آسکر‘ ایوارڈ تاخیر سے کرنے کا اعلان

اپ ڈیٹ 28 مئ 2021
سال 2022 کی تقریب مارچ میں منعقد کی جائے گی—فائل فوٹو: رائٹرز
سال 2022 کی تقریب مارچ میں منعقد کی جائے گی—فائل فوٹو: رائٹرز

فلمی دنیا کے سب سے معتبر فلمی ایوارڈ 'آسکر' دینے والے ادارے دی اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس اور اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک نے اعلان کیا ہے کہ 2022 میں بھی ایواڈز تقریب تاخیر سے کی جائے گی۔

کورونا کی وبا کے باعث 2021 میں بھی ’آسکر‘ ایوارڈز کی تقریب دو ماہ بعد اپریل میں منعقد کی گئی تھی، عام طور پر ایوارڈ تقریب فروری کے آخر میں ہوتی ہے۔

وبا کے باعث جہاں 93 ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب تاخیر سے ہوئی تھی، وہیں اس مرتبہ ایسی فلموں کو بھی نامزدگیاں دی گئی تھیں، جنہیں سینما بند ہونے کے باعث آن لائن ریلیز کیا گیا تھا۔

تاحال سینما ہالز بند ہونے کی وجہ سے 94 ویں آسکرز کے لیے بھی اکیڈمی نے ان فلموں کو بھی نامزدگیاں دینے کا اعلان کیا ہے، جنہیں تھیٹرز میں ریلیز نہیں کیا جا سکے گا۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق اے بی سی نیٹ ورک اور اکیڈمی عہدیداروں نے تصدیق کی کہ 94 ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب 27 مارچ 2022 کو ہوگی۔

ایک ماہ تاخیر سے ہونے والے ایوارڈ شو کو اس مرتبہ بھی لاس اینجلس کے ڈولبے تھیٹرز میں منعقد کیا جائے گا لیکن کورونا ایس او پیز کی پابندی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: 93ویں آسکر ایوارڈز: نومیڈ لینڈ بہترین فلم، کلوئی زاؤ بہترین ہدایت کار قرار

جہاں اس سال بھی ایوارڈز تقریب کو ایک ماہ کی تاخیر سے کرنے کی تصدیق کی گئی، وہیں یہ بھی تصدیق کی گئی کہ ان فلموں کو بھی نامزدگیاں دی جائیں گی، جنہیں سینما ہالز میں ریلیز نہیں کیا جا سکا ہوگا۔

اکیڈمی کے مطابق کورونا کی وجہ سے امریکا سمیت دنیا بھر میں سینما ہالز بند ہیں، جس کی وجہ سے زیادہ تر فلموں کو آن لائن اسٹریمنگ ویب سائٹس پر ریلیز کیا جا رہا ہے اور ایسی فلموں کو بھی نامزدگیاں دی جائیں گی۔

2021 سے قبل آسکر ایوارڈز کی نامزدگی کے لیے وہ فلمیں ہی اہل ہوتی تھیں، جنہیں کم از کم 3 ہفتوں کے لیے سینما ہالز میں ریلیز کیا جاتا تھا۔

کورونا کی وجہ سے 2022 کے آسکر میں بھی ریڈ کارپٹ کو مختصر کیے جانے کا امکان ہے لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

یہ بھی واضح نہیں ہے کہ ایوارڈز تقریب میں کتنے مہمانوں کو مدعو کیا جائے گا، جس ڈولبے تھیٹرز میں تقریب منعقد کی جائے گی، اس میں 3400 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ وبا کے باعث کم مہمانوں کو مدعو کیا جائے گا۔

93 ویں آسکر میں پہلی بار ایشیائی فلم ہدایت کار خاتون چلوئے ژاؤ نے ایوارڈ جیتا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز
93 ویں آسکر میں پہلی بار ایشیائی فلم ہدایت کار خاتون چلوئے ژاؤ نے ایوارڈ جیتا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز

تبصرے (0) بند ہیں