خیبرپختونخوا (کے پی) کے ضم شدہ ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے کانیگوام میں چیک پوسٹ کے قریب نصب بم کےدھماکے سے ایک سپاہی جاں بحق ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 'جنوبی وزیرستان کے ضلع کانیگورام میں واقع فوجی چیک پوسٹ کے قریب آئی ای ڈی دھماکا ہوا'۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد ہلاک

بیان میں کہا گیا کہ 'دھماکے کے نتیجے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ لانس نائیک وقاص احمد شہید ہوگئے'۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 'علاقے میں کسی دہشت گرد کی موجودگی کے حوالے سے آپریشن جاری ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے'۔

بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج دہشت گردی کی باقیات ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے جوانوں کی شہادتیں ہمیں اپنے مقصد میں مزید مضبوط بنا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ دو روز قبل بلوچستان میں 2 حملوں میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 4 اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا تھا کہ کوئٹہ میں پیر اسمٰعیل زیارت کے قریب ایک ایف سی چوکی کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس واقعے میں 4 سے 5 دہشت گرد مار گئے جبکہ 7 سے 8 زخمی ہوگئے اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایف سی کے 4 جوان شہید ہوگئے اور 6 اہلکار زخمی ہوئے۔

دوسرے واقعے میں دہشت گردوں نے تربت کے مقام پر ایک دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد سے ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس سے 2 ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: دہشتگردوں کے دو حملوں میں 4 ایف سی اہلکار شہید، 8 زخمی

یاد رہے کہ 3 فروری کو شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 24 جنوری کو سیکیورٹی فورسز نے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی او خیسور میں کارروائی کرکے دو اہم کمانڈروں سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

18 جنوری کو خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ ہلاک دہشت گرد تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سجنا گروپ کے سرگرم اراکین اور آئی ای ڈی ماہر، دہشت گردوں کے ٹرینر، موٹی ویٹر تھے اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔

اس سے قبل 15 جنوری کو میرعلی سب ڈویژن کے علاقے عزیز خیل میں چیک پوسٹ کے قریب سیکیورٹی اہلکار پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں لانس نائیک عباد علی نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں