معروف اداکارہ بشریٰ انصاری اور ٹک ٹاکر جنت مرزا کے درمیان سوشل میڈیا پر سخت جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔

جس میں بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا اسٹارز کو 'جاہل' قرار دیا تو وہیں جنت مرزا نے سینئر اداکارہ کو اماں جی کہہ کر مخاطب کیا اور ساتھ ہی تنقید سے پہلے حقیقت جاننے کا مشورہ دیا۔

ایک ویڈیو بیان میں جنت مرزا نے پورے واقعے سے متعلق تفصیلی بیان دیا جس کے مطابق انہیں پی آر پیکج کے طور پر ایک چین موصول ہوئی تھی جسے انہوں نے پہن کر ٹک ٹاک بنائی۔

جنت مرزا کے بقول انہیں سوشل میڈیا صارفین کے کمنٹس سے اندازہ ہوا کہ اس چین کے ساتھ مسیحیوں کی مقدس علامت 'صلیب' منسلک ہے، جس پر انہوں نے سب سے معافی مانگی۔

واضح رہے کہ جنت مرزا نے مذکورہ چین اپنی پتلون پر لگائی ہوئی تھی جس کے خلاف مسیحی برادری کی جانب سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ میں درخواست دی گئی تھی۔

مذکورہ درخواست کی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے لکھا تھا کہ 'ان جاہل اسٹارز کو نہ اسلام کا پتا نہ کسی اور مذہب کا'۔

—بشریٰ انصاری کی ڈیلیٹ کردہ پوسٹ کا عکس
—بشریٰ انصاری کی ڈیلیٹ کردہ پوسٹ کا عکس

بعدازاں انہوں نے اپنی یہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی تھی لیکن اس کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

بشریٰ انصاری کے اس کمنٹ پر نہ صرف جنت مرزا بلکہ ان کی بہن علیشبہ انجم نے بھی اداکارہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

جنت مرزا نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ 'برائے مہربانی کسی کو جاننے سے پہلے اس کے بارے میں رائے قائم نہ کریں اماں جی (آنٹی بشریٰ)'۔

—جنت مرزا کی اسٹوری کا اسکرین شاٹ
—جنت مرزا کی اسٹوری کا اسکرین شاٹ

جنت مرزا نے مزید کہا کہ 'میں آپ کی بہت عزت کرتی ہوں لیکن آپ کسی کی حقیقت جانے بغیر بدنام نہیں کرسکتیں، اسلام کی بات آپ کیسے کرسکتی ہیں آنٹی، آپ کوئی تبلیغی جماعت نہیں چلا رہیں'۔

جنت مرزا نے بشریٰ انصاری کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ 'آپ بھی گلوکاری کرتی ہیں، رقص کرتی ہیں، ایوارڈ شو پر ڈانس پرفارمنس آپ نے کی لیکن آج دوسروں پر تنقید، واہ'۔

ٹک ٹاکر کا مزید کہنا تھا کہ میں بس اتنا کہوں گی کہ کسی پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانک لیں۔

دوسری جانب اس صورتحال پر جنت مرزا کی بہن علیشبہ انجم نے انتہائی سخت الفاظ میں بشریٰ انصاری کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بشریٰ انصاری آپ اسلام کی بات نہیں کریں کیوں کہ اسلام میں اداکاری، گلوکاری اور رقص کی اجازت نہیں ہے'۔

علیشبہ کا کہنا تھا کہ جنت سے غلطی ہوئی ہے وہ اس پر کافی اداس بھی ہے اور اس نے معافی بھی مانگی، جن افراد کا دل دکھا انہوں نے جنت کو معاف کردیا لیکن آپ ایسی زبان استعمال کر کے کہہ رہی کہ انہیں اسلام اور دیگر مذاہب کا نہیں پتا۔

ٹک ٹاکر کی بہن کا کہنا تھا کہ ہمیں اسلام کا بہت اچھی طرح علم ہے آپ ہمارے گھر میں نہیں رہتی جو آپ کو پتا ہے، ہمیں پتا ہے کہ ہم گانوں پر ٹک ٹاک بناتے ہیں بہت گناہ گار ہیں لیکن اسلام میں عورتوں کے لیے پردہ ہے تو آپ پردہ کیوں نہیں کرتیں؟ اسلام میں گانے اور اداکاری کی اجازت نہیں ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں