گلوکار ایس بی جان چل بسے، اہل خانہ کی تصدیق

ایس بی جان نے 19950 میں کیریئر کا آغاز کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
ایس بی جان نے 19950 میں کیریئر کا آغاز کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف گلوکار و غزل گائیک سنی بینجمن جان المعروف ایس بی جان کے اہل خانہ نے گلوکار کے دنیا سے رخصت ہونے کی تصدیق کردی۔

ایس بی جان کے انتقال سے متعلق 5 جون کو ابتدائی طور پر سوشل میڈیا اور بعض نیوز ویب سائٹس پر خبریں آئی تھیں لیکن بعد ازاں کراچی آرٹس کونسل کے چیئرمین نے ان کے انتقال کی خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا۔

گلوکار کی موت سے متعلق خبروں پر کئی لوگ پریشان بھی رہے، بعد ازاں 6 جون کو ان کے اہل خانہ نے تصدیق کی کہ ایس بی جان چل بسے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ایس بی جان کے بیٹے گلین نے تصدیق کی کہ والد مداحوں سے بچھڑ گئے۔

ایس بی جان کی عمر 90 برس تھی اور طویل العمری کی وجہ سے انہیں مختلف بیماریاں بھی لاحق تھیں۔

ان کے بیٹے کے مطابق ایس بی جان قیامِ پاکستان سے قبل 1930 میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیدا ہوئے اور یہیں سے تعلیم حاصل کی اور کم عمری میں ہی انہوں نے برنس روڈ پر قائم ’سنگیت ودیالا‘ اکیڈمی میں استاد پنڈت رام چندرا تریودی سے موسیقی کی تربیت لی۔

موسیقی کی ابتدائی تربیت لینے کے بعد انہوں نے 1950 کے بعد انتہائی کم عمری میں ریڈیو پاکستان سے گلوکاری کا آغاز کیا، بعد ازاں 1959 سے انہوں نے فلموں کے لیے گلوکاری بھی شروع کردی۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا پر معروف گلوکار ایس بی جان کے ’انتقال کی خبریں‘

کیریئر کے آغاز میں انہوں نے 1959 میں فلم ’سویرا‘ کے لیے ‘تو جو نہیں ہے تو کچھ بھی نہیں ہے’ گایا تو وہ مقبول ہوگئے اور پھر انہوں نے کئی فلموں میں آواز کا جادو جگایا۔

ایس بی جان کو ان کی مختلف انداز میں غزل گائیکی کی وجہ سے شہرت ملی، ان کا شمار پاکستان کے 1960 سے 1975 کے معروف گلوکاروں اور غزل گائیکوں میں ہوتا ہے۔

ایس بی جان پاکستان کے چند مسیحی گلوکاروں میں سے ایک ہیں اور ان کا شمار ملک کے چوٹی کے غزل گائیکوں میں ہوتا ہے۔

انہوں نے ریڈیو پاکستان سمیت پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) اور فلموں کے لیے بھی گیت گائے۔

ایس بی جان کو ان کی گلوکاری کی خدمات کے عوض حکومت پاکستان نے 2011 میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا تھا اور انہیں اس وقت کے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کراچی میں ایوارڈ دیا تھا۔

ایس بی جان گزشتہ دو دہائیوں سے موسیقی کی دنیا سے دور ہیں لیکن انہیں موسیقی کی محفلوں میں بطور مہمان دیکھا جاتا رہا ہے۔

ایس بی جان کو 2011 میں پرائڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
ایس بی جان کو 2011 میں پرائڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں