جنت مرزا اور بشریٰ انصاری کے تنازع میں ٹک ٹاکر عمر بٹ کی انٹری

اپ ڈیٹ 07 جون 2021
عمرت بٹ نے بشریٰ انصاری کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
عمرت بٹ نے بشریٰ انصاری کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

جنت مرزا اور سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کے درمیان ٹک ٹاک اسٹار کی بنائی گئی ایک مختصر ویڈیو میں مسیحی افراد کے جذبات مجروح کرنے کے معاملے پر شروع ہونے والے تنازع میں ٹک ٹاکر عمر بٹ بھی کود پڑے۔

جنت مرزا کی کچھ دن قبل ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں مسیحیوں کی مذہبی علامت ’صلیب‘ کی طرز پر بنا ایک لاکٹ پہن رکھا تھا، جس پر بعد ازاں مسیحی افراد نے ان کے خلاف پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیس کو مذہبی جذبات مجروح کرنے کی درخوست بھی دی تھی۔

مسیحی افراد کی جانب سے جذبات مجروح کرنے کے الزامات لگائے جانے کے بعد جنت مرزا نے مذکورہ واقعے پر معافی بھی مانگی تھی لیکن بعد ازاں سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ٹک ٹاکر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے لیے کہا تھا کہ انہیں نہ تو اسلام کا پتا ہے اور نہ ہی دیگر مذاہب کا علم ہے۔

بشریٰ انصاری نے تنقیدی پوسٹ ڈیلیٹ کردی تھی—اسکرین شاٹ
بشریٰ انصاری نے تنقیدی پوسٹ ڈیلیٹ کردی تھی—اسکرین شاٹ

بشریٰ انصاری نے انسٹاگرام پر جنت مرزا کے خلاف پولیس میں دائر کی گئی درخواست اور ان کی ویڈیو کا عکس شیئر کرتے ہوئے ٹک ٹاکر کو ’جاہل‘ بھی قرار دیا تھا، بعد ازاں بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کردی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: جنت مرزا، بشریٰ انصاری کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ، معاملہ کیا ہے؟

بشریٰ انصاری کی پوسٹ کے بعد اگرچہ جنت مرزا اور ان کی بہن ٹک ٹاک اسٹار علیشبہ انجم نے بھی اداکارہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’آنٹی، اماں جی اور جاہل‘ جیسے الفاظ سے پکارا تھا۔

جنت مرزا نے بھی بشریٰ انصاری کو کرارا جواب دیا تھا—اسکرین شاٹ
جنت مرزا نے بھی بشریٰ انصاری کو کرارا جواب دیا تھا—اسکرین شاٹ

تاہم اب جنت مرزا کے قریبی دوست ٹک ٹاک اسٹار عمر بٹ بھی اس تنازع میں کود پڑے ہیں اور انہوں نے بھی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کے لیے قدرے نامناسب اور سخت الفاظ کا استعمال کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر عمر بٹ کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں سینئر اداکارہ کو ’جاہل عورت‘ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، ساتھ ہی وہ ویڈیو میں بتاتے سنائی دیتے ہیں کہ سینئر اداکارہ میں اخلاقیات کی کمی ہے۔

اگرچہ مذکورہ ویڈیو میں عمر بٹ، بشریٰ انصاری کا نام نہیں لے رہے لیکن ان کی مذکورہ ویڈیو سینئر اداکارہ کی جانب سے جنت مرزا پر تنقید کے بعد سامنے آئی ہے۔

ویڈیو میں کہیں بھی عمر بٹ نے بشریٰ انصاری کا نام نہیں لیا لیکن وہ ویڈیو میں ان ہی باتوں پر بات کر رہے ہیِں جو باتیں سینئر اداکارہ نے ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا کے لیے کہی تھیں۔

عمر بٹ نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ خاتون میں کوئی تمیز ہی نہیں ہے، ساتھ ہی ٹک ٹاکر نے کہا کہ اگر مذکورہ خاتون تھوڑی سی تمیز سیکھ لیں تو ان کے لیے اور باقی لوگوں کے لیے بھی اچھا ہوجائے گا۔

ٹک ٹاک اسٹار نے سینئر اداکارہ کا نام لیے بغیر انہیں یاد دلایا کہ جنت مرزا سے غلطی ہوئی تھی اور انہوں نے معافی مانگی لی تھی مگر انہیں اس بات کا علم نہیں ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں