ون پلس اپنا سستا ترین 5 جی فون متعارف کرانے کیلئے تیار

07 جون 2021
نورڈ این 200 — فوٹو بشکریہ ون پلس/پی سی میگ
نورڈ این 200 — فوٹو بشکریہ ون پلس/پی سی میگ

ون پلس کے فونز کو ایپل کے آئی فونز کے مقابلے کا سمجھا جاتا ہے جن کی قیمتیں نمایاں حد تک کم ہوتی ہیں۔

اب یہ کمپنی اپنا سستا ترین 5 جی فون نورڈ این 200 متعارف کرانے کے لیے تیار ہے۔

ون پلس کے سربراہ پیٹ لیو نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ نورڈ این 200 فائیو جی کمپنی کا سستا ترین اسمارٹ فون ہوگا جس کی قیمت 250 ڈالرز (38 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے کم ہوگی۔

نورڈ این 200 میں 6.5 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے فون کی ایک ٹیزر تصویر بھی جاری کی گئی ہے جس کا ڈیزائن ون پلس 9 سے ملتا جلتا نظر آتا ہے۔

فون کے بیک پر 3 کیمرے نظر آرہے ہیں جبکہ فرنٹ پر پنچ ہول ڈیزائن میں سیلفی کیمرا دیا گیا ہے، مگر فنگرپرنٹ اسکینر کہیں نظر نہیں آرہا تو امکان ہے کہ یہ پاور بٹن میں ہوگا۔

ون پلس کی جانب سے فون کے دیگر فیچرز اور دستیابی کی تاریخ کاا اعلان نہیں کیا گیا مگر بظاہر یہ جلد متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

یہ فون سام سنگ اے 22 یا اے 32 فائیو جی کے ساتھ ساتھ رئیل می 8 فائیو جی کا مابلہ کرے گا۔

ون پلس کو توقع ہے کہ کم قیمت میں طاقتور فون کی مدد سے وہ حریف کمپنیوں کو سخت ٹکر دے سکتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں