علی سیٹھی کا فیض کی نظموں کے ذریعے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

گلوکار کے گانے کی تعریفیں کی جا رہی ہیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب/ فائل فوٹو: فیس بک
گلوکار کے گانے کی تعریفیں کی جا رہی ہیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب/ فائل فوٹو: فیس بک

منفرد انداز میں غزلوں کو گاکر نئی نسل میں شہرت پانے والے گلوکار علی سیٹھی نے مایہ ناز شاعر فیض احمد فیض کی معروف نظموں کے ذریعے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر گانا جاری کردیا۔

علی سیٹھی نے چلی نژاد امریکی موسیقار نکولس جار اور بھارتی وژوئل آرٹسٹ سومناتھ بھٹ کی مدد سے تیار کیے گئے گانے ’یکجہتی میں‘ کو یوٹیوب پر 2 جون کو جاری کیا۔

علی سیٹھی کے مذکورہ گانے کو ابتدائی طور پر گزشتہ ماہ 25 مئی کو فلسطینی شہر بیت لحم کے ریڈیو اسٹیشن ’الہارا‘ پر براہ راست پیش کیا گیا تھا۔

’یکجہتی میں‘ علی سیٹھی نے مایہ ناز شاعر فیض احمد فیض کی دو معروف نظموں کو ملاکر پیش کیا ہے، جس وجہ سے ان کے گانے کی کافی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیض احمد فیض کی غزل ’کب تک دل کی خیر منائیں‘ اورعلی سیٹھی

علی سیٹھی نے مذکورہ گانے میں فیض احمد فیض کی شہرہ آفاق نظم ’لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے‘ کے ساتھ دوسری معروف نظم ’آج بازار میں پا بہ جولاں چلو‘ کو شامل کیا ہے۔

علی سیٹھی کی منفرد آواز اور نکولس جار کی دل میں اتر جانے والی موسیقی میں فیض احمد فیض کی تاریخی نظموں کو سننے کے بعد کئی افراد نے گانے کی تعریفیں کیں اور گانے کو فلسطینیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین قدم قرار دیا۔

گانے کی تیاری کے حوالے سے علی سیٹھی نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے چلی نژاد امریکی موسیقار نکولس جار کو بتایا تھا کہ فیض احمد فیض نے ’ہم دیکھیں گے‘ نظم کو 1979 میں لبنانی شہر بیروت میں جلا وطنی کے دوران لکھا تھا‘

علی سیٹھی کا کہنا تھا کہ انہوں نے نکولس جار کو بتایا کہ فیض احمد فیض نے مذکورہ نظم پاکستان میں اس وقت مارشل لا نافذ ہونے کی وجہ سے کئی واقعات دیکھنے سمیت فلسطینوں پر اسرائیلی حملوں کو دیکھ کر لکھی تھی‘۔

گلوکار کے مطابق جب انہوں نے نکولس جار کو مذکورہ بات بتائی اور انہیں نظم گنگنا کر بھیجی تو انہوں نے اگلے ہی دن شاندار موسیقی ترتیب دے کر انہیں کمپوزیشن بھیجی، جو سنتے ہی انہیں پسند آئی۔

مزید پڑھیں: علی سیٹھی کا نیا گانا ’چاندنی رات‘ سامنے آگیا

علی سیٹھی کے مطابق گانے کی ویڈیو میں وژوئل آرٹ کو بھارتی آرٹسٹ سومناتھ بھٹ نے بنایا ہے جب کہ گانے میں دو نظموں کو آپس میں ملانے کے کام میں مصری نژاد امریکی موسیقار اور آڈیو انجنیئر ہیبا قادری نے ان کا ساتھ دیا۔

مختلف ثقافتوں اور ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کی مدد سے علی سیٹھی نے فیض احمد فیض کی دو مقبول نظموں کو گاکر جہاں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا، وہیں انہوں نے پہلی بار ایک ہی شاعر کی دو منفرد نظموں کو ملاکر موسیقی کی ایک نئی ابتدا بھی کر ڈالی۔

تبصرے (0) بند ہیں