کراچی سمیت سندھ بھر میں 16 جون سے بارشوں کی پیش گوئی

اپ ڈیٹ 15 جون 2021
بحیرہ عرب کے شمال سے سندھ میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا —فائل فوٹو: اے پی
بحیرہ عرب کے شمال سے سندھ میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا —فائل فوٹو: اے پی

محکمہ موسمیات نے بدھ (16 جون) سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں مون سون کی پہلی بارش کی پیش گوئی کردی۔

ملک میں موسم کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرنے والے ادارے کے مطابق 16 سے 19 جون کے درمیان صوبے کے متعدد شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری میں کہا گیا کہ 16 جون، 2021 سے بحیرہ عرب کے شمال سے سندھ میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا جس کے تحت سندھ کے اکثر اضلاع میں بارشوں کا پہلا اسپیل شروع ہوگا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں موسم اچانک تبدیل، گرد آلود طوفان کے ساتھ بارش، 4 افراد جاں بحق

ایڈوائزری کے مطابق 16 سے 17 جون کے درمیان سکھر، لاڑکانہ، شکار پور، جیکب آباد اور گھوٹکی کے اضلاع میں مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دریں اثنا 17 سے 19 جون کے درمیان آندھی اور گرج چمک کے ساتھ سندھ کے تمام اضلاع خصوصاً دادو، سکھر، لاڑکانہ، شکار پور، جیکب آباد، گھوٹکی، حیدرآباد، میرپورخاص، عمرکوٹ، تھر، بدین اور ٹھٹہ میں ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بھی 18 اور 19 جون کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں موسلا دھار بارش، متعدد علاقوں میں بجلی حسب روایت غائب

مزید کہا گیا کہ موسم میں تبدیلی کی وجہ سے سندھ کے وسطی اور بالائی حصوں میں جاری گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا جبکہ آندھی اور طوفان سے جھونپڑیوں اور بِل بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا کہ سندھ کے نشیبی علاقوں جیسا کہ بدین، ٹھٹہ، حیدرآباد، عمرکوٹ، تھر، دادو، سکھر اور لاڑکانہ میں تیز بارش کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

گزشتہ ماہ کراچی میں 2 دن تک شدید گرمی کے بعد مختلف علاقوں میں گرد آلود طوفان اور ہلکی بارش کے دوران مختلف حادثات کے نتیجے میں 4 افراد جاں ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں