شادی زندگی کا حصہ ہے، مقصد نہیں، کنزہ ہاشمی

اپ ڈیٹ 18 جون 2021
جب ضرورت محسوس ہوگی تب شادی کرلوں گی، اداکرہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام
جب ضرورت محسوس ہوگی تب شادی کرلوں گی، اداکرہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام

’رشتے، میری بہوئیں، میکے کو دیدو سندیس، مورے سیاں، تیرے پیار میں، مور محل، محبت تم سے نفرت ہے اور تشنگی‘ جیسے ڈراموں میں شاندار اداکاری کرنے والی کنزہ ہاشمی کا کہنا ہے کہ ان کی نظر میں شادی کرنا زندگی کا حصہ تو ہے مگر یہ زندگی کا مقصد نہیں۔

ٹی وی ون کے پروگرام ’مزیدار شو‘ میں شرکت کے دوران کنزہ ہاشمی نے تاحال شادی نہ کرنے سمیت کیریئر پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ وہ کب تک شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

پروگرام کے دوران کنزہ ہاشمی نے بتایا کہ ابتدائی طور پر انہیں گلوکاری کا شوق تھا اور انہوں نے بطور گلوکار کیریئر کا آغاز ہی کیا تھا کہ انہیں ڈرامے میں کام کی پیش کش ہوئی اور پھر وہ اداکاری میں ہی مصروف ہوگئیں۔

اداکارہ کے مطابق اداکاری کرنے کے بعد ہی انہیں احساس ہوا کہ دراصل انہیں گلوکاری نہیں بلکہ ایکٹنگ ہی کرنی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں کنزہ ہاشمی نے بتایا کہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ایک جیسے کردار ادا نہ کریں اور اگر انہیں مسلسل ایک جیسے ہی کرداروں کی پیش کش ہوتی ہے تو وہ اپنی اداکاری اور انداز سے کردار کو تبدیل کردیتی ہیں۔

انہوں نے مثال دی کہ اگر وہ مسلسل منفی کردار کرتی دکھائی دیں گی تو بھی ان کا ہر منفی کردار پہلے سے مختلف ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ کنزہ ہاشمی کی مختصر فلم 'لیکڈ ویڈیو' ریلیز ہوتے ہی مقبول

کنزہ ہاشمی کے مطابق اس وقت وہ مختلف ویب سیریز کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور تاحال انہوں نے تین سیریز کی شوٹنگ مکمل کرالی ہے جب کہ کچھ کی شوٹنگ ہونا باقی ہے لیکن انہوں نے ویب سیریز کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب بھی انہیں کسی ڈرامے میں کام کی پیش کش ہوتی ہے تو وہ سب سے پہلے کہانی، پھر اپنے کردار اور آخر میں ہدایت کار کو دیکھتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سے کچھ فرق نہیں پڑتا کہ ڈرامے کا ڈائریکٹر کون ہے اور انہیں کتنا کام آتا ہے کیوں کہ کردار کی کامیابی اداکار کی ایکٹنگ پر منحصر ہوتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پیدا ہوئیں اور وہیں سے اداکاری کا آغاز کیا، تاہم 4 سال قبل وہ کراچی منتقل ہوگئیں۔

تاحال شادی نہ کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کنزہ ہاشمی نے کہا کہ ان کے خیال میں شادی زندگی کا مقصد نہیں ہے بلکہ وہ زندگی کا ایک حصہ ہے اور جب انہیں محسوس ہوگا کہ اب انہیں کسی ساتھی کی ضرورت ہے تو وہ شادی کرلیں گی۔

مزید پڑھیں: کنزہ ہاشمی ویب سیریز بارہواں کھلاڑی کا حصہ

اسی حوالے سے پوچھے گئے ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ وہ کسی کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے بجائے تنہا زندگی گزارنے پر یقین رکھتی ہیں، کیوں کہ تعلقات سے انسان کی آزادی ختم ہوجاتی ہے۔

پروگرام میں اداکارہ نے شوبز اور اپنے کیریئر سے متعلق بھی کھل کر باتیں کیں اور بتایا کہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ کم سہولیات اور وسائل کے باوجود بہترین اداکاری کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں