ہنزہ میں آلودگی کی نشاندہی پر اشنا شاہ کی روزی گیبریل پر تنقید

اپ ڈیٹ 18 جون 2021
پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے روزی گیبریل کی اس پوسٹ کو ناپسند کیا— فوٹوز: انسٹاگرام
پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے روزی گیبریل کی اس پوسٹ کو ناپسند کیا— فوٹوز: انسٹاگرام

چند روز قبل کینیڈین ولاگر روزی گیبریل نے پاکستان کے سیاحتی مقامات کو کچرے سے آلودہ کرنے کے خلاف ایک طویل پوسٹ کی تھی اور اسے صاف رکھنے کا کہا تھا۔

روزی گیبریل کے مطابق کچھ مقامی افراد نے وہاں موجود کچرے اور آلودگی سے متعلق اپنے خدشات ان سے بیان کیے اور اُمید کا اظہار کیا تھا کہ وہ ان کی مدد کے لیے اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کریں گی۔

اس حوالے سے انہوں نے انسٹاگرام پر کچھ تصاویر اور اسکرین شاٹس پر مشتمل ایک طویل پوسٹ شیئر کی تھی اور اسے 'نارتھ کو صاف رکھیں' کا نام دیا تھا۔

مزید پڑھیں: کینیڈین ولاگر روزی گیبریل ہنزہ میں سیاحوں کے رویے سے نالاں

کینیڈین ولاگر کی پوسٹ میں میوزک فیسٹیول میں جانے والے افراد کی جانب سے آلودگی پھیلانے کی تصاویر اور مقامی افراد کے ساتھ گفتگو کے اسکرین شاٹس شیئر کیے تھے۔

اپنی پوسٹ میں کینیڈین ولاگر نے لکھا تھا کہ بین الاقوامی سفر کے مواقع محدود ہونے کی وجہ سے لوگ شمالی علاقہ جات جانے پر مجبور ہوئے ہیں لیکن وہ اپنے ساتھ 'برے رویے، منشیات، فحاشی، ڈانس پارٹیز لارہے ہیں اور بہت زیادہ کچرا پھیلارہے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: موٹر سائیکل پر پاکستان دیکھنے والی کینیڈین ولاگر نے اسلام قبول کرلیا

روزی گیبریل نے کہا تھا کہ مقامی افراد کو سیاحوں کا استقبال کرنا اچھا لگتا ہے لیکن انہیں یہ سب پسند نہیں۔

تاہم پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے روزی گیبریل کی اس پوسٹ کو ناپسند کیا اور اس حوالے سے ایک اسٹوری میں تنقید بھی کی۔

اشنا شاہ نے لکھا کہ 'آپ کو معلوم ہے کہ ہم کس چیز کو نہیں سراہتے؟ فیصلے صادر کرنے والے 'وائٹ سیویر' (نجات دہندہ) بننے کی کوشش کو نہیں سراہتے'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'خود کو ٹھیک کرنے کے لیے ہمیں آپ کی ضرورت نہیں، حکومتِ پاکستان کو یوٹیوب ویزوں کا اجرا اب روک دینا چاہیے'۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں