پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیمیں ویسٹ انڈیز کا دورہ کریں گی

اپ ڈیٹ 21 جون 2021
ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی خواتین ٹیمیں 2019 میں مدمقابل آئی تھیں—فائل/فوٹو: ڈان
ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی خواتین ٹیمیں 2019 میں مدمقابل آئی تھیں—فائل/فوٹو: ڈان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ خواتین کی قومی ٹیم اور اے کرکٹ ٹیم مختصر طرز کرکٹ کی سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں ٹیمیں 23 جون کو لاہور سے انٹیگا کے لیے روانہ ہوں گی۔

مزید پڑھیں: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے میچ میں شکست دے دی

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز میں 3 ٹی ٹوئنٹی اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

پی سی بی کے مطابق اس دوران دونوں ممالک کی خواتین کی اے کرکٹ ٹیموں کے مابین 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی اور سیریز کے تمام میچز انٹیگا میں ہوں گے۔

خیال رہے پاکستان کی مردوں کی قومی ٹیم بھی 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز پہنچے گی۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا گزشتہ 4 ماہ کے دوران یہ تیسرا بین الاقوامی دورہ ہے، اسے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم زمبابوے روانہ ہوئی تھی تاہم پروازیں معطل ہونے کے باعث یہ دورہ مختصر کردیا گیا تھا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث دنیا بھر میں رائج سفری پابندیوں کے باوجود بورڈ کا قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ان بین الاقوامی دوروں کو حتمی شکل دینے کا مقصد قومی کھلاڑیوں کو رواں سال شیڈول آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر کی ہر ممکن تیاری کروانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ویمنز کرکٹ: پاکستان آخری میچ میں کامیاب، سیریز ویسٹ انڈیز کے نام

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیموں کے درمیان آخری دوطرفہ سیریز 2019 میں کھیلی گئی تھی، جس میں ایک روزہ سیریز پاکستان جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز ویسٹ انڈیز نے جیت لیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آخری بین الاقوامی کرکٹ میچ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ2020 میں کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان کو کامیابی نصیب ہوئی تھی۔

پی سی بی نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیموں اور خصوصاََ قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز سے ملک میں خواتین کرکٹ کو فروغ ملے گا اور ان ٹیموں میں ان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو گزشتہ چند ماہ سے قومی خواتین کرکٹ کے پول کا حصہ ہیں۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ انہیں قومی خواتین اور قومی خواتین اے کرکٹ ٹیموں کے دورہ ویسٹ انڈیز کے اعلان کی بڑی خوشی ہے۔

مزید پڑھیں: پہلا ٹی ٹوئنٹی: ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم نے پاکستان کو 71 رنز سے شکست دے دی

وسیم خان نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو رواں سال آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر میں شرکت کرنی ہے، لہٰذا یہ دورہ ہماری خواتین کھلاڑیوں کو نہ صرف صلاحیتیں نکھارنے کا موقع فراہم کررہا ہے بلکہ اس سے انہیں میچ پریکٹس بھی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کرکٹرز کے کھیل میں بہتری لانے کے لیے ہر ممکن سہولیات اور مواقع فراہم کرنا ہی پی سی بی کی حکمت عملی ہے اور اسے عملی جامہ پہنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں