سینئر ٹی وی اداکارہ خورشید شاہد انتقال کرگئیں

اداکارہ خورشید شاہد طویل عرصے سے علیل تھیں 
—فائل فوٹو: فیس بک
اداکارہ خورشید شاہد طویل عرصے سے علیل تھیں —فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی سینئر اداکارہ اور اداکار سلمان شاہد کی والدہ، خورشید شاہد 95 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئیں۔

اداکارہ خورشید شاہد طویل عرصے سے علیل تھیں اور آج (27 جون کو) 95 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملیں۔

ان کی نماز جنازہ ڈیفنس فیز ٹو میں ادا کی گئی جبکہ تدفین فیز سیون میں واقع قبرستان میں کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ماضی کی مقبول اداکارہ فردوس بیگم انتقال کر گئیں

خورشید شاہد نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 9 برس کی عمر میں آل انڈیا ریڈیو سے کیا تھا جبکہ جاندار اداکاری اور مکالموں کی ادائیگی پر عبور اداکارہ خورشید شاہد کی پہچان تھی۔

انہوں نے فنی زندگی کا آغاز مغنیہ کے طور پر کیا تھا، انہوں نے روشن آرا بیگم کی شاگردی اختیار کی تھی اور موسیقی کی بڑی بڑی محفلوں میں داد و تحسین وصول کی تھی۔

بعد ازاں خورشید شاہد نے ریڈیو پر صداکاری اور ٹیلی وژن پر اداکاری کے جوہر دکھائے۔

خورشید شاہد نے ناول نگار اشفاق احمد کے معروف ڈرامے 'فہمیدہ کی کہانی استانی راحت کی زبانی 'میں اداکاری کی جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لولی وڈ کے ’رانجھا‘ اعجاز درانی انتقال کر گئے

ان کے دیگر ڈراموں 'کرن کہانی'، 'زیر زبر پیش'، 'انکل عرفی'، 'پرچیاں' اور 'دھند' نے مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے تھے۔

خورشید شاہد نے چند فلموں میں بھی اداکاری کی تھی جن میں 'چنگاری' اور 'بھولا ساجن' شامل ہیں۔

ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں 1995 میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں