عاطف اسلم کا گانا ’دل جلانے کی بات‘ ریلیز ہوتے ہی مقبول

اپ ڈیٹ 30 جون 2021
دل جلانے کی بات کو کافی سراہا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ
دل جلانے کی بات کو کافی سراہا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ

منفرد آواز سے شائقین کو گرویدہ بنانے والے گلوکار عاطف اسلم نے ملکہ ترنم نور جہاں کے مقبول گانے ’آشیانے کی بات‘ کے تیار کیے گئے نئے ورژن ’دل جلانے کی بات‘ کو جاری کردیا۔

عاطف اسلم نے چند دن قبل انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو خوشخبری سنائی تھی کہ وہ جلد ہی ’دل جلانے کی بات‘ کو جاری کریں گے۔

گلوکار نے 28 جون کو ’صوفی کور‘ کے لیبل تلے گانا جاری کیا، جسے شائقین نے بہت پسند کیا۔

گانے میں جہاں عاطف اسلم نے اپنی منفرد آواز کا جادو جگایا ہے، وہیں سعد سلطان کی موسیقی نے گانے کو مزید بہتر بنایا جب کہ راقیل والڈیز کی ماڈلنگ نے بھی شائقین کا دل لبھایا۔

’دل جلانے کی بات‘ کی شاعری جاوید قریشی نے لکھی ہے جب کہ اسے تصدق شاد نے کمپوز کیا اور گانے کی ویڈیو کی ہدایات ڈیوڈ زینی نے دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عاطف اسلم کا 'چلے تو کٹ ہی جائے گا' ریلیز ہوتے ہی چھا گیا

’دل جلانے کی بات‘ میں عاطف اسلم کو ماڈل راقیل والڈیز کے ساتھ بلیک اینڈ وائیٹ اسکرین پر دکھایا گیا ہے۔

عاطف اسلم کا مذکورہ گانا ملکہ ترنم نورجہاں کے ماضی کے مقبول گانے ’آشیانے کی بات‘ کا نیا ورژن ہے۔

مذکورہ گانے سے قبل عاطف اسلم نے ’صوفی کور‘ پروڈکشن کے بینر تلے ہی مارچ میں ماضی کے ایک اور مقبول گانے ’آہستہ آہستہ‘ کا نیا ورژن جاری کیا تھا۔

مزید پڑھیں: عاطف اسلم اور سائرہ یوسف کا رومانوی گانا ’رات‘

’آہستہ آہستہ‘ میں بھی عاطف اسلم کی گلوکاری کو سراہا گیا تھا جب کہ اس سے قبل گلوکار نے رواں برس فروری میں اداکارہ سائرہ یوسف کے ساتھ ’رات‘ ریلیز کیا تھا۔

علاوہ ازیں خبریں ہیں کہ عاطف اسلم جلد ہی اداکارہ سجل علی کے ساتھ ’رفتہ رفتہ‘ میں رومانوی انداز میں دکھائی دیں گے۔

عاطف اسلم نے رواں برس اپریل میں ماہ رمضان المبارک میں عاجزانہ کلام 'مصطفیٰ جان رحمت' بھی ریلیز کیا تھا۔

اس سے قبل مئی 2020 میں انہوں نے کورونا کی وبا کے دوران اسما الحسنیٰ جاری کی تھی، ان کی اسما الحسنیٰ کی ویڈیو کوک اسٹوڈیو 2020 کا حصہ تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں