’بدھائی ہو‘ کی دادی سریکھا سکری چل بسیں

اپ ڈیٹ 16 جولائ 2021
سریکھا سکری آخری بار 2020 کی دو فلموں میں دکھائی دی تھیں—اسکرین شاٹ
سریکھا سکری آخری بار 2020 کی دو فلموں میں دکھائی دی تھیں—اسکرین شاٹ

’قصہ کرسی کا، تماس، ممو، سلیم لنگڑے پہ مت رو، نظر، نسیم، سرفروش، زبیدہ، کالی سلوار، دیو ڈی، بدھائی ہو اور شیر خورما‘ جیسی فلموں میں اداکاری کرنے والی بولی وڈ اداکارہ سریکھا سکری 75 برس کی عمر میں چل بسیں۔

فلم فیئر کے مطابق سریکھا سکری 16 جولائی کی صبح دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے چل بسیں، وہ گزشتہ 8 ماہ سے علیل بھی تھیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سریکھا سکری کو ستمبر 2020 میں دماغ کا فالج ہوا تھا، جس کے بعد ان میں دل کے امراض سمیت دیگر بیماریوں کی پیچیدگیاں ہوگئی تھیں۔

سریکھا سکری کو اس سے قبل بھی دماغ کے فالج کا حملہ ہوا تھا مگر دوسرے حملے کے بعد وہ علیل ہوگئی تھیں مگر 16 جولائی کو دل کا دورہ پڑنے سے چل بسیں۔

بدھائی ہو میں اداکاری پر سریکھا سکری کو نیشنل ایوارڈ بھی دیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
بدھائی ہو میں اداکاری پر سریکھا سکری کو نیشنل ایوارڈ بھی دیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

سریکھا سکری نے 1980 سے قبل فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے درجنوں فلموں میں معاون اداکارہ کے کردار ادا کیے، ساتھ ہی انہوں نے بھارتی ٹی وی اور تھیٹرز پر بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

سریکھا سکری نے ہندی کے علاہ ملایلم اور تیلگو سمیت دیگر زبانوں میں بننے والی فلموں میں بھی شاندار کردار ادا کیے۔

سریکھا سکری عام طور پر فلموں میں والدہ، بڑی بہن، پھوپھو اور دادی جیسے کردار ادا کرتی تھیں اور ایسے ہی کرداروں کی وجہ سے انہیں تین بار نیشنل ایوارڈ بھی دیے گئے۔

سریکھا سکری نے دیگر فلمی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے اور انہیں آخری بار 2018 کی فلم ’بدھائی ہو‘ میں دادی کا کردار ادا کرنے پر نیشنل ایوارڈ دیا گیا تھا۔

سریکھا سکری نے 1980 سے قبل فلمی کیریئر کا آغاز کیا—اسکرین شاٹ
سریکھا سکری نے 1980 سے قبل فلمی کیریئر کا آغاز کیا—اسکرین شاٹ

’بدھائی ہو‘ میں سریکھا سکری نے آیوشمن کھرانہ کی دادی کا کردار ادا کیا تھا جب کہ وہ آخری بار 2020 کی فلموں ’شیر خورما اور گھوسٹ اسٹوریز‘ میں دکھائی دی تھیں۔

ان کی مشہور فلموں میں ’قصہ کرسی کا، تماس، ممو، سلیم لنگڑے پہ مت رو، نظر، نسیم، سرفروش، زبیدہ، کالی سلوار، ہم کو دیوانہ کر گئے، دل لگی، جو بولے سو نہال دیو ڈی، بدھائی ہو اور شیر خورما‘ شامل تھیں۔

انہوں نے ’بالیکا ودھو، اک تھا راجا، اک تھی رانی، ماں ایکسچینج، بنے گی اپنی بات، جسٹ محبت اور کبھی کبھی‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کی۔

سریکھا سکری نے سوگواروں میں ایک بیٹا چھوڑا ہے اور ان کی موت پر بولی وڈ شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو بھی سراہا۔

تبصرے (0) بند ہیں