ہما میر کی 12 سال بعد یاسر حسین کے ڈرامے سے شوبز میں واپسی

اپ ڈیٹ 29 جولائ 2021
ہما میر 2010 سے قبل آخری بار اسکرین پر دکھائی دی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک
ہما میر 2010 سے قبل آخری بار اسکرین پر دکھائی دی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر متعدد معروف ڈراموں میں شاندار اداکاری کرنے والی ہما میر تقریباً 12 سال بعد یاسر حسین کی ہدایت کاری میں بننے والے ڈرامے سے شوبز میں واپسی کر رہی ہیں۔

اداکار، میزبان اور لکھاری یاسر حسین نے حال ہی میں بتایا تھا کہ وہ 'کوئل' نامی ڈرامے کی ہدایت کاری دینے سے ڈائریکشن کی دنیا میں انٹری دیں گے۔

اب انہوں نے اپنے پہلے ڈرامے سے متعلق مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ہما میر ان کے ڈرامے سے شوبز میں واپسی کر رہی ہیں۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے یاسر حسین نے بتایا کہ 'کوئل' میں منشا پاشا مرکزی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی اور ہما میر ان کی والدہ کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

ہما میر 'کوئل' کے ذریعے 12 سال بعد چھوٹی اسکرین پر دکھائی دیں گی، وہ آخری بار کسی بھی ڈرامے میں 2010 سے پہلے دکھائی دی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: یاسر حسین ڈرامے کی ہدایات دینے کے لیے تیار

اگرچہ ہما میر مسلسل ٹی وی اسکرین پر دکھائی دیتی رہی ہیں مگر وہ کسی بھی ڈرامے یا فلم میں اداکاری کرتی نہیں دکھائی دیں بلکہ وہ بطور مہمان اور میزبان اسکرین پر دکھائی دیں۔

یاسر حسین نے مزید بتایا کہ 'کوئل' ڈراما 26 اقساط پر مشتمل ہے، جسے آج انٹرٹینمنٹ سمیت اسٹریمنگ ویب سائٹ اردو فلکس پر بھی نشر کیا جائے گا۔

اداکار کے مطابق منشا پاشا ڈرامے میں گود لی بیٹی کا کردار ادا کریں گی اور ہما میر ان کی ماں کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

یاسر حسین نے انسٹاگرام پر 'کوئل' کی شوٹنگ کی تصاویر بھی شیئر کیں اور ساتھ ہی منشا پاشا کی تعریف بھی کی اور لکھا کہ عموماً اچھے لوگ اچھے اداکار بھی ہوتے ہیں۔

انہوں نے ڈرامے کے دیگر اداکاروں کے ساتھ شوٹنگ کے سیٹ سے تصاویر شیئر کرتے ہوئے دوسرے اداکاروں کی بھی تعریفیں کیں۔

اگرچہ یاسر حسین پہلی مرتبہ کسی ڈرامے کی ہدایات دے رہے ہیں، تاہم وہ پہلے میوزک گانے کی ہدایات دے چکے ہیں۔

یاسر حسین کے ڈائریکٹوریل ڈیبیو 'کوئل' کی کہانی زنجبیل اسلم شاہ نے لکھی ہے اور فرحان گوہر پروڈیوس کر رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں