پہلے ٹیسٹ میں پاکستان مشکلات سے دوچار، پوری ٹیم 217 رنز پر ڈھیر

اپ ڈیٹ 13 اگست 2021
کیماروچ نے عمران بٹ اور بابراعظم کی وکٹیں حاصل کیں— فوٹو بشکریہ آئی سی سی
کیماروچ نے عمران بٹ اور بابراعظم کی وکٹیں حاصل کیں— فوٹو بشکریہ آئی سی سی

ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 217 رنز کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کے بھی 2 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں اور اسے اب بھی 215 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

کنگسٹن میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو کیماروچ نے 11 رنز بنانے والے عمران بٹ کی وکٹیں بکھیر دیں۔

ابھی قومی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے ہی اوور میں جیڈن سیلز نے عابد علی کو چلتا کر کے پاکستان کو دوسرا نقصان پہنچایا۔

تجربہ کار بلے باز اظہر علی اور بابر اعظم نے مزید کسی نقصان کے بغیر اسکور 34 تک پہنچایا ہی تھا کہ میچ میں بارش نے مداخلت کردی۔

جب بارش کے سبب کھیل روکا گیا تو پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 34 رنز بنائے تھے۔

بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو پاکستانی بلے بازوں کو رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس 47 رنز کی شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب اظہر علی 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان کے 19رکنی اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب اسکور میں بغیر کسی اضافے کے کپتان بابر اعظم بھی 30 رنز بنا کر چلتے بنے۔

بعد ازاں فواد عالم کی فہیم اشرف کے ساتھ 85 رنز کی پارٹنرشپ نے ٹیم کو کچھ سنبھالا دیا تاہم 186 رنز کے مجموعے پر فہیم اشرف کی مزاحمت بھی دم توڑ گئی اور وہ 44 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد فواد عالم کا کوئی کھلاڑی ساتھ نہ دے سکا اور پوری پاکستانی ٹیم 217 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

فواد عالم 56 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز اور جیسن ہولڈر نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، کیمار روچ نے 2 اور کائل میئرز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، حسن علی، یاسر شاہ، محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی۔

ویسٹ انڈیز: کریگ بریتھ ویٹ (کپتان)، کیرن پاول، نکومورا بونر، کائل میئرز، روسٹن چیز، جرمین بلیک وُڈ، جوشوا ڈی سلوا، جیسن ہولڈر، کیماروچ، جیڈن سیلز اور جومیل ویریکن۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی20 سیریز کے تین میچ بارش کے نذر ہو گئے تھے اور پاکستان نے سیریز میں 0-1 سے کامیابی حاصل کر لی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں