وقار ذکا نے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے انعام دے دیا

اپ ڈیٹ 13 اگست 2021
وقار ذکا نے وطن واپسی پر ایتھلیٹ کو نقد رقم دی—اسکرین شاٹ
وقار ذکا نے وطن واپسی پر ایتھلیٹ کو نقد رقم دی—اسکرین شاٹ

سوشل میڈیا انفلوئنسر، خود ساختہ کرپٹو کرنسی کے ماہر اور ٹی وی میزبان وقار ذکا نے ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے کا انعام دے دیا۔

ارشد ندیم 12 اگست کو ٹوکیو سے وطن پہنچے تھے اور ان کا شاندار استقبال بھی کیا گیا تھا۔

ٹریک اینڈ فیلڈ ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ٹوکیو اولمپکس میں نیزہ بازی (جیولن تھرو) میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی اور فائنل تک پہنچے تھے۔

ان کی جانب سے شاندار کارکردگی دکھانے پر جہاں حکومت اور اولمپکس فیڈریشن نے ان کے لیے انعامات کا اعلان کیا ہے، وہیں دیگر افراد نے بھی ان کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں ایوارڈز دینے کے اعلانات کر رکھے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اولمپیئن ارشد ندیم کا وطن واپس پہنچنے پر شاندار استقبال

وقار ذکا نے ارشد ندیم کو انعام دینے کا اعلان کرنے کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی کے لیے وطن واپسی پر انہیں نقد انعام سے نوازا۔

وقار ذکا نے ایتھلیٹ کو 10 لاکھ روپے نقد انعام دینے کی ویڈیو کو فیس بک پر براہ راست نشر کیا، جس میں انہیں ارشد ندیم کو دیگر افراد کے سامنے پیسے دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ٹی وی میزبان کی جانب سے اولمپیئن کو نقد انعام دیتے وقت اسپورٹس اداروں کے افسران اور حکومتی عہدیدار بھی موجود تھے۔

ارشد ندیم کو نقد انعام دینے کی ویڈیو میں وقار ذکا نے دوسرے لوگوں کو بھی کہا کہ وہ بھی اولمپیئن کی حوصلہ افزائی کے لیے آگے آئیں اور انہیں انعامات سے نوازیں۔

مزید پڑھیں: ٹوکیو اولمپکس: ارشد ندیم جیولین تھرو میں میڈل جیتنے میں ناکام

سوشل میڈیا انفلوئنسر کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک کے بہت سارے افراد نے بھی اپنے اولمپیئنز کو انعامات دینے کا اعلان کیا ہے، اس لیے ہمارے لوگ بھی آگے آئیں۔

انہوں نے ایتھلیٹس کو انعامات دینے والے افراد اور کمپنیوں سے گزارش بھی کی کہ اولمپیئنز کو ایوارڈ دیتے وقت ان کے ساتھ تصاویر نہ بنوائیں، ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار نہ کریں اور ان سے دل آزاری کا سبب بننے والے سوالات نہ پوچھیں۔

وقار ذکا کا کہنا تھا کہ وہ بھی اپنی تشہیر کے بغیر ہی ایتھلیٹ کو پیسے دے رہے ہیں لیکن دوسرے اور نئے آنے والے ایتھلیٹس کو حوصلہ ملے۔

انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ ارشد ندیم کو پیسے دینے والی ویڈیو سے ہونے والی کمائی کے تمام پیسے بھی اولمپیئن کو ہی دیں گے۔

وقار ذکا نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی ویڈیو کو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں تاکہ وہ ان سے ہونے والی کمائی کو ارشد ندیم کو دے سکیں۔

تبصرے (0) بند ہیں