مولانا طارق جمیل کی اپنے ہم شکل سے ملاقات

اپ ڈیٹ 26 اگست 2021
یہ مانا جاتا ہے کہ اس دنیا میں ہر انسان کے کم از کم 7 ہم شکل افراد موجود ہیں — فائل فوٹو: فیس بک
یہ مانا جاتا ہے کہ اس دنیا میں ہر انسان کے کم از کم 7 ہم شکل افراد موجود ہیں — فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان کے معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کی اپنے ہم شکل سے ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں مولانا طارق جمیل کو اپنے ہی ہم شکل کے سامنے کھڑا دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مولانا طارق جمیل حیرانی کے عالم میں اپنے ہم شکل کو دیکھ رہے ہیں اور ان کے ساتھ دیگر لوگ بھی موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کے ہم شکل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں مولانا طارق جمیل اور ان کے ہم شکل ایک دوسرے کی جانب دیکھ رہے ہیں اور مسکرا بھی رہے ہیں۔

ویڈیو میں موجود شخص نے طارق جمیل جیسا ہی لباس اور انداز بھی اپنایا ہوا ہے جسے ایک نظر دیکھ کر یہی لگتا ہے کہ وہی ہیں۔

ساتھ ہی اس ویڈیو میں ایک شخص مولانا طارق جمیل کو یہ بتارہا ہے کہ مذکورہ شخص کی مولانا سے کافی زیادہ مشابہت کی وجہ سے ابھی کچھ دیر قبل کچھ لوگ انہیں مولانا طارق جمیل سمجھے اور مصافحہ کر کے چلے گئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'جب ہم ایک ہوٹل پر چائے پینے کے لیے گئے تو آپ کے ہم شکل نے چائے لانے کو کہا تو ہوٹل میں کام کرنے والے نے انہیں مولانا طارق جمیل سمجھ لیا اور کہا کہ چائے کیا میں تو آپ کے لیے پراٹھا بھی لاتا ہوں'۔

یہ بھی پڑھیں: کیا شاہد آفریدی اور امریکی اداکار جینسن ایکلز ہم شکل ہیں؟

یہ مانا جاتا ہے کہ دنیا میں ہر انسان کے کم از کم 7 ہم شکل افراد موجود ہیں اور ان میں سے کم از کم 2 افراد ایسے ہوتے ہیں جو ہوبہو ایک دوسرے جیسے ہوتے ہیں۔

تاہم یہ محض ایک اتفاق ہی ہوتا ہے کہ کسی شخص کی اپنے ہم شکل سے ملاقات بھی ہوجائے ورنہ عموماً ایسا نہیں ہوتا۔

اس سے قبل رواں برس جنوری میں انٹرنیٹ پر وزیراعظم عمران خان کے ہم شکل کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں سیالکوٹ میں ایک شخص رکشے میں سوار تھا اور کہا جارہا تھا کہ وہ وزیراعظم کا ہم شکل ہے۔

اس نامعلوم شخص کا چہرہ وزیراعظم عمران خان اور بولی وڈ اداکار ریتھک روشن سے ملتا جلتا تھا تاہم غور سے دیکھا جائے تو عمران خان سے زیادہ مماثلت رکھتا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں