• KHI: Zuhr 12:23pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:54am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:23pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:54am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm

عمر شریف ہسپتال میں ہیں اور روبہ صحت ہیں، فیصل قریشی

شائع September 6, 2021
فیصل قریشی نے تصدیق کی کہ عمر شریف ہسپتال میں زیر علاج ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
فیصل قریشی نے تصدیق کی کہ عمر شریف ہسپتال میں زیر علاج ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

اداکار و میزبان فیصل قریشی نے سینئر اداکار عمر شریف کے حوالے سے پھیلنے والی افواہوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ روبہ صحت ہیں۔

فیصل قریشی نے 5 ستمبر کو انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ عمر شریف کے انتقال کی جھوٹی خبروں پر بات کرتے دکھائی دیے۔

انہوں نے سینئر اداکار سے متعلق غلط خبریں شائع کرنے والے سوشل میڈیا پیجز پر برہمی کا اظہار کیا اور ساتھ ہی مداحوں سے کہا کہ وہ ایسے پیجز پر یقین نہ کریں۔

اداکار و میزبان نے جہاں تصدیق کی کہ عمر شریف روبہ صحت ہیں، وہیں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اداکار ہسپتال میں ہیں۔

فیصل قریشی نے عمر شریف کی صحت یابی کے لیے دعائیں بھی کیں لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ سینئر اداکار کس شہر میں اور کون سے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

اسی حوالے سے فیصل قریشی نے ٹوئٹ بھی کی، ان کے علاوہ دیگر شوبز شخصیات نے بھی عمر شریف کے حوالے سے غلط خبریں شائع کرنے پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اہلخانہ نے عمر شریف کے انتقال کی خبروں کی تردید کردی

اس سے قبل 5 ستمبر کو ہی عمر شریف کے اہل خانہ نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی سے مختصر بات کرتے ہوئے اداکار سے متعلق افواہوں پر برہمی کا اظہار کیا تھا اور ان کی خیریت کی تصدیق کی تھی۔

عمر شریف کے حوالے سے گزشتہ ایک ہفتے سے مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں۔

ان سے متعلق اس وقت افواہیں شروع ہوئیں جب کہ سوشل میڈیا پر ان کے نام سے منسوب ایک اکاؤنٹ سے عمر شریف کی ویل چیئر پر بظاہر بیمار حالت کی تصویر شیئر کی گئی تھی۔

تصویر وائرل ہونے کے بعد ایکسپریس ٹریبیون نے اپنی رپورٹ میں اداکار کے اہلخانہ کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ عمر شریف کے اہلخانہ نے تصدیق کی کہ مذکورہ تصویر کچھ عرصہ قبل کی ہے جب کہ اداکار اپنے معمولی چیک اپ کے لیے ہپستال گئے تھے۔

ماضی میں بھی عمر شریف کے بیمار ہونے کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں اور 2017 میں بھی ان کی ہسپتال کے بسترے پر کھینچی گئی تصویر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے اہل خانہ نے وضاحت بھی جاری کی تھی۔

ان کے اہل خانہ نے 2017 میں بتایا تھا کہ اداکار کو سینے میں معمولی انفیکشن ہوگیا تھا جب کہ ان سے متعلق خبریں پھیلائی گئی تھیں کہ وہ کینسر کا شکار ہوگئے جب کہ بعض سوشل میڈیا پیجز پر ان کے انتقال کی افواہیں پھیلائی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2024
کارٹون : 4 دسمبر 2024