نعمان اعجاز بیٹے زاویار کے ساتھ اداکاری کیلئے تیار

اپ ڈیٹ 15 ستمبر 2021
خبریں ہیں کہ ’سنگ ماہ‘ میں دونوں باپ اور بیٹا کام کرتے دکھائی دیں گے—فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
خبریں ہیں کہ ’سنگ ماہ‘ میں دونوں باپ اور بیٹا کام کرتے دکھائی دیں گے—فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

خبریں ہیں کہ سینئر اداکار نعمان اعجاز کے بڑے صاحبزادے ماڈل زاویار اعجاز بھی ماضی کے مقبول ڈرامے ’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل میں والد کے ہمراہ اداکاری کرتے دکھائی دیں گے۔

’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل پر گزشتہ چند ماہ سے کام جاری ہے اور مذکورہ ڈرامے سے گلوکار عاطف اسلم بھی ٹی وی پر ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں۔

خبریں ہیں کہ عاطف اسلم کی طرح ’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل ’سنگ ماہ‘ سے نعمان اعجاز کے بڑے صاحبزادے زاویار اعجاز بھی والد کے ساتھ ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں۔

متعدد شوبز سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹس کی جانب سے ذرائع سے بتایا گیا کہ زاویار اعجاز بھی ’سنگ ماہ‘ کا حصہ ہیں اور وہ شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

اگرچہ تاحال زاویار اعجاز یا ’سنگ ماہ‘ کی ٹیم نے تصدیق نہیں کی لیکن کچھ ہفتے قبل نعمان اعجاز کے بیٹے نے انسٹاگرام اسٹوری میں ایک ڈرامے کا اسکرپٹ شیئر کیا تھا، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ وہ بھی والد کے ساتھ اداکاری کرنے جا رہے ہیں۔

’سنگ ماہ‘ میں نعمان اعجاز بھی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے جب کہ مذکورہ ڈرامے میں ہانیہ عامر، کبریٰ خان، عاطف اسلم، ثانیہ سعید، سامیہ ممتاز اور میکال ذوالفقار بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مقبول ڈرامے ’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل میں عاطف اسلم کاسٹ؟

نعمان اعجاز نے گزشتہ ماہ اگست میں ’سنگ ماہ‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک ویڈیو جاری کی تھی، جس میں انہوں نے تصدیق کی تھی کہ عاطف اسلم بھی مذکورہ ڈرامے کا حصہ ہیں۔

تاہم انہوں نے ویڈیو میں بیٹے کے حوالے سے کوئی ذکر نہیں کیا تھا لیکن اب سوشل میڈیا پر ان کے بیٹے زاویار اعجاز کی تصاویر شیئر کرکے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ بھی ’سنگ ماہ‘ کا حصہ ہیں۔

’سنگ ماہ‘ 2016 میں نشر ہونے والے ڈرامے 'سنگِ مر مر' کا سیکوئل ہے جس میں کبریٰ خان، ثانیہ سعید، نعمان اعجاز اور میکال ذوالفقار نے اداکاری کی تھی۔

مزید پڑھیں: 'سنگ مرمر' کے سیکوئل سے عاطف اسلم کی ڈراموں میں انٹری

’سنگ ماہ‘ کے حوالے سے رواں برس جون میں ڈائریکٹر سیفی حسن نے عندیہ دیا تھا کہ وہ جلد ہی سیکوئل پر کام شروع کریں گے اور اگست میں نعمان اعجاز نے تصدیق کی تھی کہ ڈرامے کی شوٹنگ جاری ہے۔

سنگ ماہ میں احسن خان کے کاسٹ کیے جانے کی چہ مگوئیاں بھی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
سنگ ماہ میں احسن خان کے کاسٹ کیے جانے کی چہ مگوئیاں بھی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

سیفی حسن نے یہ بھی بتایا تھا کہ ’سنگ مر مر‘ کو ٹرائلوجی کی صورت میں بنایا جائے گا، جس کے دوسرے حصے ’سنگ ماہ‘ کے بعد ڈرامے کا تیسرا اور آخری حصہ ’سنگ سیاہ‘ کے نام سے بنایا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ سیکوئل میں بھی پہلے ڈرامے کی کاسٹ کو رکھا جائے گا لیکن نئے ڈرامے کی کہانی پہلے سے مختلف ہوگی اور کچھ نئے کردار بھی شامل کیے جائیں گے۔

ڈرامے میں شامل نئے کرداروں میں ہانیہ عامر، عاطف اسلم اور زاویار اعجاز کے کردار شامل ہیں، تاہم نعمان اعجاز کے بیٹے کے کردار کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی۔

تاہم زاویا اعجاز کی جانب سے خیبر پختونخوا (کے پی) سے اپنی ایک تصویر شیئر کیے جانے سے سمجھا جا رہا ہے کہ وہ بھی ’سنگ ماہ‘ کی شوٹنگ مصروف ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں