سام سنگ کا نیا مڈرینج 5 جی فون گلیکسی ایم 52

26 ستمبر 2021
گلیکسی ایم 52 — فوٹو بشکریہ سام سنگ
گلیکسی ایم 52 — فوٹو بشکریہ سام سنگ

سام سنگ نے گلیکسی ایم سیریز کا نیا اسمارٹ فون متعارف کرا دیا ہے۔

گلیکسی ایم 52 فائیو جی کو یورپی ملک پولینڈ میں متعارف کرایا گیا مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

اس فون کو 28 ستمبر کو بھارت میں متعارف کرائے جانا تھا مگر اس سے پہلے ہی پولینڈ میں پیش کردیا گیا مگر قیمت اب بھی معلوم نہیں۔

گیکسی ایم 52 فائیو جی میں 6.7 انچ کا سپر امولیڈ پلس ڈسپلے فل ایچ ڈی پلس ریزولوشن اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

فون کے ڈسپلے میں پنچ ہول ڈیزائن میں 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا چھپا ہوا ہے مگر امولیڈ ڈسپلے کے باوجود فنگر پرنٹ سنسر اسکرین کے اندر نہیں دیا گیا بلکہ سائیڈ پر پاور بٹن کا حصہ ہے۔

فون کے اندر کوالکوم کا اسنیپ ڈراگون 778 جی پراسیسر موجود ہے۔

اسی طرح 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

فون کا مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 5 میگا پکسل میکرو کیمرے اس سیٹ اپ کا حصہ ہیں۔

دیگر فیچرز میں بلیو ٹوتھ 5.0، ڈوئل بینڈ وائی فائی، جی پی ایس اور ہیڈ فون جیک قابل ذکر ہے۔

گلیکسی ایم 52 میں 5000 ایم اے ایچ کی بیٹری 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے۔

گلیکسی ایم 52 میں اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج سام سنگ کے ون یو آئی 3.1 سے کیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے فی الحال قیمت کا اعلان نہیں ہوا، امکان یہی ہے کہ 28 ستمبر کو بھارت میں پیش کیے جانے پر قیمت بھی سامنے آئے گی۔

مگر افواہوں کے مطابق اس کی قیمت 450 ڈالرز (76 ہزار پاکستانی روپے) کے اندر ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں