جڑواں شہروں میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ

اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2021
فوجی چھاؤنی کے شہر میں 99 مریضوں میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی — 
 فوٹو: وائٹ اسٹار
فوجی چھاؤنی کے شہر میں 99 مریضوں میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی — فوٹو: وائٹ اسٹار

جڑواں شہروں میں گزشتہ چند روز سے ڈینگی کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے اور بدھ کو صرف ایک روز میں بیماری کے 157 مریض ہسپتالوں میں داخل ہوئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فوجی چھاؤنی کے شہر میں 99 مریضوں میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی جنہیں تین مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

ہولی فیملی ہسپتال، ضلعی ہیڈکوارٹرز ہسپتال اور بے نظیر بھٹو شہید ہسپتال میں خصوصی ڈینگی وارڈز قائم کیے گئے ہیں جبکہ کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال ڈینگی کے مریضوں کے لیے بستر مختص کرنے میں ناکام رہا ہے جس کے باعث وہاں سے ڈینگی کے تمام کیسز ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیے جارہے ہیں۔

وبائی امراض سے بچاؤ اور اس کی روک تھام کے ضلعی معاون ڈاکٹر سجاد محمود نے دعویٰ کیا کہ 157 کیسز میں سے 75 مریض اسلام آباد سے سامنے آئے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں ڈینگی کے پھیلاؤ نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

انہوں نے کہا کہ 24 مریضوں میں سے 14 کنٹونمنٹ کے علاقوں سے آئے جن میں سے 10 کا تعلق راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود سے ہے جبکہ چار مریضوں کا تعلق چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے ماتحت علاقوں سے ہے، راول ٹاؤن اور پوٹوہار ٹاؤن میں 5، 5 مریضوں میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ متعدد مریض مسریال روڈ، رینج روڈ، وادی شالے، ڈھوک مستقیم اور نصیر آباد سے آئے جبکہ کچھ ڈھوک ہاسو، سیٹلائٹ ٹاؤن، چکلالہ اور گنگل یونین کونسلز سے آئے ہیں۔

ڈاکٹر سجاد محمود نے کہا کہ ڈینگی کے مریضوں کے لیے تین سرکاری ہسپتالوں میں 126 بستر مختص کیے گئے ہیں، جن میں سے 103 بھر چکے ہیں۔

محکمہ صحت کے سینئر افسر نے ڈان کو بتایا کہ حالیہ بارشوں کے فوری بعد ان کے محکمے نے شہری انتظامیہ اور کنٹونمنٹ بورڈ کو بار بار ڈینگی کی افزائش روکنے کے لیے اقدامات اٹھانے کا کہا تھا۔

مزید پڑھیں: ڈینگی کی روک تھام کے لیے سائنسدانوں کی اہم ترین پیشرفت

دریں اثنا راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر عمر فاروق علی ملک کے زیر صدارت اجلاس میں انسداد ڈینگی مہم کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ کنٹونمنٹ حکام نے مارکیٹوں میں انسداد ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے پانچ گوداموں کو سیل کردیا، 45 کمرشل آؤٹ لیٹس کو نوٹسز جاری اور 50 ہزار تک جرمانے عائد کیے۔

اسلام آباد

ضلعی ہیلتھ افسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر زعیم ضیا نے ڈان کو بتایا کہ اسلام آباد میں بدھ کو 58 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے جن کی تعداد منگل کو 10 تھی۔

انہوں نے کہا کہ 26 کیسز دیہی علاقوں میں رپورٹ ہوئے جن میں 13 کا تعلق ترلائی اور 5 کا کورال سے ہے، علی پور، بہاراکہو، سوہان میں 2، 2 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ سہالا اور ترنول میں ایک، ایک کیس سامنے آیا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈینگی کے مریضوں میں کووڈ کی علامات کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، تحقیق

ڈی ایچ او نے بتایا کہ شہری علاقوں میں ڈینگی وائرس کے 32 کیسز سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے کیسز کی مجموعی تعداد 275 تک جاپہنچی ہے جن میں سے دیہی علاقوں میں 178 جبکہ شہری علاقوں سے 97 کیسز کی تشخیص ہوچکی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں