مداحوں سے رابطے کیلئے اداکارہ ایمن سلیم نے بھی ٹوئٹر اکاؤنٹ بنالیا

اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2021
اداکارہ نے واضح کیا کہ یہ ان  کا واحد آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ہے اور اس کے علاوہ ان  کے نام سے منسوب ٹوئٹر اکاؤنٹس جعلی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے واضح کیا کہ یہ ان کا واحد آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ہے اور اس کے علاوہ ان کے نام سے منسوب ٹوئٹر اکاؤنٹس جعلی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اپنے پہلے ہی ڈرامے سے مقبولیت پانے والی پاکستانی اداکارہ ایمن سلیم نے سوشل میڈیا پر خود کو مزید فعال کرتے ہوئے اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی بنالیا۔

ایمن سلیم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی پہلی ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو ٹوئٹر اکاؤنٹ سے متعلق بتایا۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ 'میں ٹوئٹر کی دنیا میں قدم رکھنے پر بہت پرجوش ہوں'۔

مزید پڑھیں: ایمن سلیم کا اداکاری سے کنارہ کشی کا اعلان

ایمن سلیم نے بتایا کہ انہوں نے مداحوں سے رابطے اور اپنے تجربات بیان کرنے کے لیے ٹوئٹر اکاؤنٹ بنایا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ساتھ ہی اداکارہ نے واضح کیا کہ یہ ان کا واحد آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ہے اور اس کے علاوہ ان کے نام سے منسوب دیگر ٹوئٹر اکاؤنٹس جعلی ہیں۔

انہوں نے اپنی پہلی ٹوئٹ میں مزاحیہ انداز میں لکھا کہ 'ہیلو ٹوئٹر! اور انہوں نے کہا تھا کہ ایسا کبھی نہیں ہوگا، اوہ رکو وہ تو میں تھی'۔

خیال رہے کہ رواں برس جولائی میں اداکارہ ایمن سلیم نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک اسٹوری کے ذریعے شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔

ایمن سلیم نے اپنے ڈیبیو ڈرامے میں بے حد مقبولیت کے بعد اچانک اداکاری سے کنارہ کشی کے فیصلے کی اس وقت کوئی وجہ نہیں بتائی تھی۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ
—فوٹو: اسکرین شاٹ

بعدازاں پروگرام 'ٹائم آؤٹ ود احسن خان' میں اداکارہ نے شوبز سے کنارہ کشی کے اعلان کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے شوبز سے بریک لیا کہ جائزہ لے سکوں کیا مجھے واقعی یہ کام کرنا ہے اور اگر ہاں تو پھر مستقل یہی کرنا ہوگا اور کہا تھا کہ وہ شوبز میں واپس آئیں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان کے سابق کرکٹر سلیم یوسف کی صاحبزادی اور رشتے میں پاکستان کی سابق پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی بھانجی، ایمن سلیم نے رواں برس اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا۔

اداکارہ ایمن سلیم نے نجی چینل ہم ٹی وی پر رمضان اسپیشل ڈرامے ’چپکے چپکے’ سے ڈیبیو کیا تھا جو مداحوں میں بہت زیادہ مقبول بھی ہوا۔

رواں برس اپریل اور مئی کے مہینے میں نشر ہونے والے اس ڈرامے میں ایمن سلیم نے رمیشا عرف مشی نامی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا۔

علاوہ ازیں ’چپکے چپکے‘ میں مداحوں کو ایمن سلیم اور ارسلان نصیر کی ’مشی اور ہادی‘ کی جوڑی بھی بہت بھائی تھی۔

واضح رہے کہ اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے سے پہلے ایمن سلیم نے لگ بھگ ایک دہائی قبل ایکمنفرد عالمی ریکارڈ بھی بنایا تھا۔

انہوں نے 2010 میں اسمارٹ کار میں لڑکیوں کی زیادہ تعداد کے بیٹھنے کا ریکارڈ توڑا تھا، انہوں نے اپنی اے لیولز کی دوستوں کے ساتھ مل کر عالمی ریکارڈ توڑا تھا۔ یہ بھی پڑھیں: ایمن سلیم نے اداکاری سے کنارہ کشی کی وجہ بتادی

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ان کے ڈیبیو کے بعد ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھیں جس میں ایمن سلیم نے معروف کامیڈین عمر شریف کے پروگرام ’دی شریف شو‘ میں شرکت کی تھی۔

ویڈیو میں عمر شریف سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ ایمن سلیم نے بتایا تھا کہ وہ گنیز بک آف ورلڈ کا عالمی ریکارڈ توڑ چکی ہیں، یہ ایک ایسا عالمی ریکارڈ تھا جس میں 18 افراد ایک ساتھ 5 سیکنڈز کے لیے اسمارٹ کار میں بیٹھے تھے۔

اداکارہ نے بتایا تھا کہ جب انہوں نے یہ عالمی ریکارڈ دیکھا تو اس ریکارڈ کو توڑنے کا سوچا اور پھر 18 لڑکیاں جمع کیں اور ان 18 لڑکیوں کے ساتھ اسمارٹ کار میں 10 سیکنڈز تک بیٹھی تھی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ پچھلے ریکارڈ میں 18 افراد تھے جبکہ ایمن سلیم نے جو ریکارڈ قائم کیا اس میں 19 لڑکیاں تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں