طوفان شاہین عمان پہنچ گیا جہاں 3 افراد جاں بحق ہوگئے اور حکام نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے اور مسقط آنے اور جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق عمان کی سرکاری خبرایجنسی نے بتایا کہ پانی میں بہہ جانے والا ایک بچہ دم توڑ گیا اور دوسرا لاپتہ ہے۔

مزید پڑھیں: طوفان 'شاہین': بلوچستان کے مختلف اضلاع میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

سرکاری خبرایجنسی نے رپورٹ میں کہا کہ طوفان کے باعث صنعتی زون میں قائم رہائشی علاقے میں پہاڑ گرنے سے دو ایشیائی مزدور بھی جاں بحق ہوگئے ہیں۔

عمان کے محکمہ موسمیات اور سول ایوی اییشن ایجنسیوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ طوفان دارالحکومت مسقط سے 60 کلومیٹر سے دور ہے اور اس کے باعث 120 کلومیٹر فی گھنٹی یا اس سے زیادہ رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔

طوفان شام تک تھمنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا اور اس دوران تیز ہوائیں چلنے اور شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

--فوٹو: رائٹرز
--فوٹو: رائٹرز

نیشنل ایمرجنسی کمیٹی نے کہا تھا کہ دارالحکومت سے مشرق کی جانب واقع علاقے القرم کے لیے بجلی کی فراہمی میں تعطل آئے گا تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔

رپورٹ کے مطابق 2 ہزار 700 سے زائد شہریوں کو ایمرجنسی پناہ گاہوں میں رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ تیل برآمد کرنے والے ملک اکثر 50 لاکھ لوگ مسقط کے اطراف میں رہتے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ دارالحکومت مسقط میں جب تک طوفان ختم نہیں ہوتا سڑکیں ہنگامی اور صرف انسانی بنیادوں پر سفر کے لیے گاڑیوں کے لیے کھلی ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں اربن فلڈنگ، تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے کا خطرہ ٹل گیا، محکمہ موسمیات

قبل ازیں پاکستان کے محکمہ موسمیات نے ہوا کے کم دباؤ کے نتیجے میں بننے والے سمندری طوفان 'شاہین' کے باعث بلوچستان کے متعدد اضلاع میں تیز بارشوں اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

بحیرہ عرب میں سمندری طوفان 'شاہین' کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ساتواں الرٹ جاری کیا گیا تھا۔

محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ سمندری طوفان گزشتہ بارہ گھنٹوں کے دوران مغرب سے شمال مغرب کی طرف بڑھا اور 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھنے والا طوفان گوادر کے جنوب میں 125 کلومیٹر پر موجود ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں