انتظار ختم، ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کا ٹیزر جاری

06 اکتوبر 2021
سیریز کو آئندہ سال ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
سیریز کو آئندہ سال ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

امریکی چینل ایچ بی او نے شائقین کا انتظار ختم کرتے ہوئے مئی 2019 میں اختتام کو پہنچنے والی شہرہ آفاق ٹی وی سیریز 'گیم آف تھرونز' کی پری سیکوئل سیریز ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کا ٹیزر جاری کردیا۔

'گیم آف تھرونز' کی مجموعی طور پر 8 سیریز پیش کی گئی تھیں جن میں تقریبا 80 قسطیں پیش کی گئیں اور اس ڈرامے نے متعدد ایوارڈ جیتے اور دنیا بھر کے کروڑوں افراد کے دلوں پر راج کیا۔

’گیم آف تھرونز‘ کے اختتام سے قبل ہی یہ تصدیق ہو چکی تھی کہ اس کی پری سیکیوئل سیریز بنے گی اور اب مذکورہ سیریز کا ایک منٹ سے کم دورانیے کا ٹیزر بھی جاری کردیا گیا۔

’گیم آف تھرونز سمیت ہاؤس آف ڈریگن اور ایچ بی او‘ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نئی سیریز کا ٹیزر جاری کیا گیا، جسے دیکھ کر شائقین بڑے خوش ہوئے۔

پری سیکوئل سیریز کے ٹیزر میں بتایا گیا کہ ہے ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کی کہانی ’گیم آف تھرونز‘ کی کہانی سے 200 سال قبل شروع ہوتی ہے۔

ٹیزر میں شہرہ آفاق گیم آف تھرونز کی طرح بادشاہوں کے درمیان جھگڑے، آگ، جنگ اور سازشوں کی جھلک دکھائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'گیم آف تھرونز' کے پری سیکوئل ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کی پہلی جھلک

ٹیزر میں میٹ سمتھ کو بادشاہ کے روپ میں دکھایا گیا ہے جب کہ دیگر کاسٹ میں پیڈی کونسیڈائن، سونویا مزینو، اسٹیو ٹوسینٹ، ریس افانس اور اولیویا کک بھی شامل ہیں۔

ٹیزر میں تصدیق کی گئی ہے کہ ’ہاوٌس آف ڈریگن‘ کو آئندہ برس 2022 میں ریلیز کیا جائے گا، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اسے اگلے سال کب جاری کیا جائے گا، لیکن امکان ہے کہ اسے جون 2022 تک نشر کیا جائے گا۔

ایچ بی او کی جانب سے یہ بھی واضح نہیں کیا گیا ہے کہ ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کے کتنے سیزن ہوں گے اور ہر سیزن کتنی قسطوں پر مشتمل ہوگا، تاہم اطلاعات ہیں کہ ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کے بھی کم از کم تین سیزن ہوں گے اور سیریز کے پہلے سیزن میں 10 قسطیں شامل ہوں گی۔

پری سیکوئل کی کہانی بھی جارج آر آر ماٹن نے لکھی ہے اور اس سیریز کی کہانی ’گیم آف تھرونز‘ ڈرامے کی کہانی سے 200 سال قبل شروع ہوتی ہے۔

پری سیکوئل سیریز کی کہانی جارج آر آر مارٹن کے ناول ’فائر اینڈ بلڈ‘ سے لی گئی ہے جو گیم آف تھرونز کے ناول ‘اے سانگ آف آئس اینڈ فائر’ کا پری سیکوئل ہے۔

مزید پڑھیں: ’گیم آف تھرونز‘ کی پری سیکوئل سیریز’ہاؤس آف دی ڈریگن‘

پری سیکوئل سیریز یا ’اسپن آف‘ سیریز میں ڈرامے یا فلم کی کہانی کا آغاز دکھایا جاتا ہے۔

پری سیکوئل میں شائقین کو دکھایا جاتا ہے کہ اب تک جو انہوں نے ڈراما یا فلم دیکھی وہ دراصل مکمل کہانی نہیں تھی بلکہ اس ڈرامے یا فلم کی اصل کہانی کا آغاز یہاں سے ہوا تھا۔

اور اب ڈرامے کی ٹیم شائقین کو گیم آف تھرونز کا اختتام دکھانے کے بعد اس ڈرامے کے کرداروں کے آغاز کی کہانی دکھائےگی اور بتائی گی کہ کس کردار کی کہانی کی شروعات کہاں سے اور کیوں ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ شہرہ آفاق ڈراما سیریز ’گیم آف تھرونز‘ کا آغاز 2011 میں ہوا تھا، اس کا دوسرا سیزن 2012، تیسرا 2013، چوتھا 2014، پانچواں 2015، چھٹا 2016، ساتواں 2017 اور آٹھواں 2019 میں جاری کیا گیا تھا۔

ڈرامے کے پہلے 6 سیزن ہر سال جون میں ریلیز کیے جاتے رہے تاہم ساتواں سیزن اگست 2017 اور آٹھواں یعنی آخری سیزن 2 سال کے وقفے کے بعد مئی 2019 میں جاری کیا گیا تھا۔

پری سیکوئل کی کہانی گیم آف تھرونز سے 200 سال قبل کی ہے—اسکرین شاٹ
پری سیکوئل کی کہانی گیم آف تھرونز سے 200 سال قبل کی ہے—اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں