روسی اداکارہ خلا میں بننے والی پہلی فلم کی شوٹنگ کیلئے اسپیس اسٹیشن روانہ

06 اکتوبر 2021
فلم ’دا چیلینج‘ کا عملہ 12 دن کے مشن کے دوران آئی ایس ایس پر موجود رہے گا—فوٹو: رائٹرز
فلم ’دا چیلینج‘ کا عملہ 12 دن کے مشن کے دوران آئی ایس ایس پر موجود رہے گا—فوٹو: رائٹرز

روسی اداکارہ اور فلم ہدایت کار نے فلم کی شوٹنگ کے لیے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) روانہ ہو کر خلا میں بنائے جانے والی پہلی فلم کی دوڑ میں ٹام کروز کو پیچھے چھوڑ دیا۔

برطانوی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق سویوز ایم ایس 19 خلائی جہاز گزشتہ روز فلم کی شوٹنگ کے لیے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن روانہ ہوا جو تقریباً 220 میل (354 کلومیٹر) کی بلندی پر زمین کے گرد گھومتا ہے۔

روسی ریاستی میڈیا نے اس موقع پر بہت زیادہ کوریج فراہم کی اور خلائی جہاز کی روانگی سے قبل چینل ون پر کاؤنٹ ڈاؤن کلاک چلائی جبکہ نیوز اینکرز نے فلم کی شوٹنگ کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

مزید پڑھیں: خلا میں پہلی بار فلم کی تیاری کے منصوبے میں پیشرفت

فلم 'دا چیلنج ' کی شوٹنگ کے لیے خلائی جہاز کی لانچنگ، خلا کی تسخیر کی حالیہ دوڑ میں امریکا کے مقابلے میں روس کی جیت ہے۔

اداکارہ یولیا پیرے سلد اور ڈائریکٹر کلیم شپینکو، ٹام کروز سے قبل خلا میں پہنچیں گے، جن کے اسپیس ایکس راکٹ کے ایک ہولی وڈ فلم کے لیے خلا میں جانے کے منصوبوں کا اعلان گزشتہ سال ناسا نے کیا تھا۔

روس کی اپنی خلائی صنعت حالیہ برسوں میں تاخیر، حادثات اور بدعنوانی کے اسکینڈلز کی زد میں رہی ہے ، جبکہ ایلون مسک اور جیف بیزوز جیسی کاروباری شخصیات ککی حمایت یافتہ امریکی کمپنیوں نے نئے خلائی جہاز تیار کرلیے ہیں۔

یولیا پیرے سلد اور ڈائریکٹر کلم شپینکو دو روسی خلا بازوں کے ساتھ 12 روز مشن پر روانہ ہوئے ہیں۔

اس موقع پر روس کے خلائی ادارے روسکوسموس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر پیغام دیا ’بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر خوش آمدید۔‘

فلم ’دا چیلینج‘ کا عملہ 12 دن کے مشن کے دوران آئی ایس ایس پر موجود رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: روس خلا میں پہلی فلم بنانے کے لیے تیار

اس فلم میں اداکارہ ایک ڈاکٹر کا کردار ادا کررہی ہیں جنہیں ایک خلا نورد کی جان بچانے کے لیے اسپیس اسٹیشن کا سفر کرنے کے لیے کہا جاتا ہے۔

فلم 'دا چیلنج' میں خلائی اسٹیشن کا عملہ بھی نظر آئے گا۔

ہدایت کار کلم شپینکو جن کا قد 6 فٹ 2 انچ ہے ان کے لیے چھوٹے سے کیپسول میں سفر انتہائی چیلنجنگ ہے اور وہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ مریخ پر بننے والے سیکوئیل کے منتظر ہیں۔

ان کے راکٹ کو بائیکونور کاسموڈرم سے لانچ کیا گیا جو روس نے قازقستان کے قریب بنایا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں