حساس اداروں کے خلاف زبان استعمال کرنے والے منہ کے بل گریں گے، شیخ رشید

اپ ڈیٹ 08 اکتوبر 2021
شیخ رشید کا راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب—تصویر: ڈان نیوز
شیخ رشید کا راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب—تصویر: ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو لوگ ہماری فوج اور حساس اداروں کے خلاف زبان استعمال کرکے ٹارزن بننے کی کوشش کررہے ہیں وہ منہ کے بل گریں گے، آسمان کا تھوکا ان کے منہ پر آئے گا۔

راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان مغرب کی جانب دیکھ رہا ہے جبکہ سیاست مشرق کی جانب سے طلوع ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پگڑیاں اچھالنے کا نہیں بلکہ سنجیدہ سیاست کا وقت ہے، اگر ہم سنجیدہ سیاست کریں گے تو اس ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹی پی کے بعض گروپوں سے اعلیٰ سطح پر بات ہو رہی ہے، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ خدانخواستہ اگر کوئی بحران کھڑا ہوگیا ہم اس سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے، خوشی ہے کہ عمران خان نے کورونا وائرس کو اچھی طرح سنبھالا ہے اور افغانستان کے مسئلے کو بھی اچھی طرح حل کررہے ہیں اس سلسلے میں اہم اجلاس کیے جارہے ہیں جس میں آج ہونے والا قومی سلامتی کونسل کا اجلاس بھی شامل ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں وہ سیاستدان نہیں ہوں جو یہ کہے کہ مہنگائی نہیں ہے، مہنگائی ہے لیکن انشا اللہ عمران خان کی قیادت میں اسے پر قابو پایا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب ان کا کہنا تھا کہ 22 تاریخ سے سیاست میں تیزی آئے گی، پاکستان کی سیاست کے 120 دن انتہائی اہم ہیں۔

دفاعی اداروں کے بارے میں بیانات سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ ان کی سیاسی موت ہے، صرف میڈیا پر بیانات ہیں، گراؤنڈ پر انہوں نے کچھ کام نہیں کیا، الیکشن کو 22 مہینے رہ گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:حکومت، تحریک طالبان پاکستان کے مابین مذاکرات شروع ہی نہیں ہوئے، شیخ رشید

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے قبل مسلم لیگ (ن) کی نئی صف بندی ہوگی، یہ عمران خان کی صلاحیتیوں کو کم سمجھ رہے ہیں، مسائل ابھریں گے لیکن ان سے ہم سلیقے و طریقے سے نمٹیں گے۔

طورخم بارڈ پر طالبان کی جانب سے پابندی سے متعلق سوال پر انہوں نے بتایا کہ طورخم بارڈر کھلا ہوا ہے، چمن بارڈر پر کچھ مسائل ہیں جنہیں ٹھیک کیا جائے گا۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے زندگی میں کوئی بھی خالی پلاٹ نظر آیا تو اس پر پلازہ نہیں بلکہ تعلیمی ادارہ بنایا، خواتین کی تعلیم کے لحاظ سے راولپنڈی شہر نمبر ون ہے۔

انہوں نے کہا کہ عنقریب نالہ لئی کا افتتاح بھی ہوجائے گا جس کے بعد میں سارے شہر سے معافی مانگ کر سیاست کو خیر باد کہہ دوں گا کیوں کہ کسی اور کو بھی موقع دینا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) 3 گروپس میں تقسیم ہوگی، شیخ رشید کی نئی پیش گوئی

ان کا کہنا تھا کہ میری زندگی کا مشن ہے کہ طاقتور کمزور ہو اور کمزور کو طاقتور کیا جائے، میں کمزور تھا اللہ نے مجھے طاقتور بنایا یہ اللہ کی مدد اور غریبوں کی دعا کے بغیر ممکن نہیں کیوں کہ یہ سماج بہت ظالم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کو کوئی شکست نہیں دے سکتا کیوں کہ یہاں کی بیٹی پڑھی لکھی ہے، زندگی کا کچھ پتا نہیں، میں شاید آخری 5 اوورز میں ہوں میرے لیے کتنی خوشی کی بات ہے کہ میرے شہر سے رکشہ ڈرائیور کی بیٹی نے سی ایس ایس میں ٹاپ کیا۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ یہ سماج نہیں مانے گا جب رکشہ ڈرائیور کی بیٹی ڈی سی اور کمشنر لگے گی کیوں کہ ان کے ذہن طاقتور سے مرعوب ہوتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں