’جیمز بانڈ ‘ بنائے جانے کی خبر پر لوگوں نے تضحیک کی، لشانا لِنچ

اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2021
لشانا  لنچ کے مطابق تنقید کی وجہ سے انہوں فون کا استعمال محدود کردیا تھا—فوٹو: دی گارجین
لشانا لنچ کے مطابق تنقید کی وجہ سے انہوں فون کا استعمال محدود کردیا تھا—فوٹو: دی گارجین

طویل تاخیر کے بعد حال ہی میں ریلیز کی گئی شہرہ آفاق جاسوس سیریز’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کی اداکارہ لشانا لِنچ نے کہا ہے کہ جب میڈیا میں خبر آئی کہ اگلی جاسوس وہ بنیں گی، تب لوگوں نے سوشل میڈیا پر ان کی تضحیک کی۔

لشانا لنچ سے متعلق جولائی 2019 میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اب وہ جیمز بانڈ کی 26 ویں فلم میں جاسوس 007 کا کردار ادا کریں گی اور وہ ایسا کرنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔

حال ہی میں اداکارہ نے مذکورہ معاملے پر انٹرویو میں انکشاف کیا کہ مذکورہ خبر سامنے آنے کے بعد لوگوں نے سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کیے گئے۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق لشانا لنچ نے بتایا کہ جب انہیں اگلی جیمز بانڈ فلم میں جاسوس بنائے جانے کی خبر آئی تو لوگ غصہ ہوگئے، انہوں نے ان پر تنقید کرنا شروع کردی۔

اداکارہ کے مطابق لوگوں نے کہا کہ لشانا لنچ تو ایک خاتون ہیں، وہ کیسے جیمز بانڈ کی جاسوس بن سکتی ہیں اور یہ کہ وہ تو سیاہ فام بھی ہیں۔

لشانا لنچ کا کہنا تھا کہ انہیں خبر کے بعد صنفی اور نسلی تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد انہوں نے ان دنوں میں موبائل فون کا استعمال کم کردیا۔

حال ہی میں ریلیز ہونے والی جیمز بانڈ فلم نو ٹائم ٹو ڈائے میں لشانا نے مختصر طور پر 007 کا کردار بھی ادا کیا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
حال ہی میں ریلیز ہونے والی جیمز بانڈ فلم نو ٹائم ٹو ڈائے میں لشانا نے مختصر طور پر 007 کا کردار بھی ادا کیا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

ساتھ ہی انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ انہیں ’جیمز بانڈ‘ فلم کے پروڈیوسرز نے کاسٹ کرتے وقت یہ نہیں بتایا تھا کہ انہیں شہرہ آفاق فلم سیریز میں کام کرنا پڑے گا، انہیں بتایا گیا کہ وہ کسی اچھی ویب سیریز کے لیے عمدہ کردار کے لیے کاسٹ کی گئی ہیں۔

لشانا لنچ کے مطابق ان سے یہ بات کافی وقت تک خفیہ رکھی گئی کہ وہ جیمز بانڈ میں جاسوس کی ساتھی کا کردار ادا کریں گی، تاہم انہیں کردار کے لیے سخت ٹریننگ کروائی، جس دوران انہیں شبہ ہوا کہ ان سے کوئی منفرد کام کروایا جائے گا۔

سیاہ فام برطانوی اداکارہ کے مطابق کئی ماہ تک تربیت لینے کے بعد انہیں مکمل طور پر معلوم ہوا کہ وہ ’جیمز بانڈ‘ فلم میں جاسوس کی ساتھی کے کردار کے لیے کاسٹ کی گئیں، جس کے بعد ان کی خوشی دیدنی تھی۔

انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ ایک بہت بڑی فلم میں انہیں مضبوط اور منفرد کردار کے لیے منتخب کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مسلسل تاخیر کے بعد بلآخر جیمز بانڈ فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ ریلیز

انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ جیمز بانڈ فلم میں کاسٹ کیے جانے سے قبل انہوں نے سنجیدگی سے مذکورہ فلم سے متعلق کچھ نہیں سوچا تھا اور سیاہ فام اداکارہ ہونے کی وجہ سے وہ ہمیشہ سمجھتی رہیں کہ برطانوی گوروں کی فلم میں سانولی رنگت کی اداکارہ کو اہم کردار نہیں ملے گا، تاہم ایسا نہیں ہوا۔

ڈینیئل کریک، لشانا  لنچ اور لیا سیڈاؤکس ستمبر میں ہونے والے فلم کے پریمیئر میں ایک ساتھ ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئے تھے—فوٹو: رائٹرز
ڈینیئل کریک، لشانا لنچ اور لیا سیڈاؤکس ستمبر میں ہونے والے فلم کے پریمیئر میں ایک ساتھ ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئے تھے—فوٹو: رائٹرز

انٹرویو کے دوران لشانا لنچ نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں اگلی فلم میں مرکزی جاسوس کا کردار دیا جائے گا یا نہیں، تاہم انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وہ جاسوس کی ساتھی اور مختصر وقت کے لیے جاسوس کا کردار ادا کرنے والی پہلی سیاہ فام خاتون بن گئیں۔

لشانا لنچ نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی جیمز بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ میں ’نومی‘ نامی جاسوس کا کردار ادا کیا ہے اور ان کا کوڈ نمبر ’00‘ ہوتا ہے، انہوں نے مرکزی جاسوس ’جیمز بانڈ‘ جن کا کوڈ ’007‘ ہے کی قریبی ساتھی کا کردار ادا کیا ہے۔

ساتھ ہی مذکورہ فلم میں جیمز بانڈ کی ریٹائرمنٹ کے بعد کچھ مدت کے لیے لشانا لنچ کو ’007‘ کوڈ کی خدمات دیتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

مذکورہ فلم میں ’جیمز بانڈ‘ کا کردار ڈینیئل کریگ نے ادا کیا ہے جو آخری بار اسی کردار میں دکھائی دیے، اب اگلی فلم میں ان کی جگہ نئے اداکار کو کاسٹ کیا جائے گا۔

ڈینیئل کریگ کی جگہ ہی لشانا لنچ کو مرکزی کردار دیے جانے کی خبریں پہلی بار جولائی 2019 میں سامنے آئی تھیں اور بعد ازاں متعدد ذرائع نے تصدیق کی تھی وہی اگلی فلم میں جاسوس بنیں گی۔

تاہم فلم کی پروڈیوسر باربرا براکلی نے جنوری 2020 میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ 007 جاسوس کا کردار کوئی بھی رنگ و نسل کا اداکار ادا کرسکتا ہے، لیکن اس کردار کے لیے کسی اداکارہ کو سائن نہیں کیا جائے گا۔

اسی طرح حال ہی میں ڈینیئل کریگ نے بھی کہا تھا کہ ان کے خیال میں جیمز بانڈ جاسوس کا کردار خاتون کو دینا اچھا فیصلہ نہیں، البتہ خواتین کو اسی طرح کے دوسرے کردار دیے جانے چاہئیں۔

ابھی تک جیمز بانڈ سیریز کی ٹیم نے واضح طور پر 26 ویں فلم کی ریلیز اور اس کی کاسٹ کا اعلان نہیں کیا اور نہ ہی واضح کیا ہے کہ اگلا جاسوس کون ہوگا؟

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں