موٹرولا کی موٹو جی سیریز کا سستا ترین اسمارٹ فون متعارف

09 اکتوبر 2021
موٹو جی پیور — فوٹو بشکریہ موٹرولا
موٹو جی پیور — فوٹو بشکریہ موٹرولا

موٹرولا نے موٹو جی سیریز کا ایک اور کم قیمت اسمارٹ فون متعارف کرا دیا ہے۔

یہ درحقیقت موٹو جی سیریز کا سستا ترین اسمارٹ فون ہے بلکہ یہ موٹو ای سیریز سے بھی زیادہ سستا ہے۔

موٹو جی پیور کو سب سے پہلے امریکا میں متعارف کرایا گیا ہے۔

اس فون میں میڈیا ٹیک کا ہیلیو جی 25 پراسیسر موجود ہے اور بنیادی طور پر یہ ایسے صارفین کے لیے ہے جو بنیادی ایپس استعمال کرنے کے عادی ہوتے ہیں۔

موٹو جی پیور میں 3 جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جبکہ اسٹوریج میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے اس میں مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

فون میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے جس کے ساتھ 10 واٹ چارجنگ سپورٹ فراہم کی گئی ہے۔

کمپنی کے مطابق فون کی بیٹری عام استعمال میں آسانی سے 2 دن تک کام کرسکتی ہے۔

فون میں 6.5 انچ کا آئی پی ایس ایل سی ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جس میں واٹر ڈراپ نوچ میں 5 میگا پکسل سیلفی کیمرا چھپا ہوا ہے۔

فون کے بیک پر 13 میگا پکسل اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرے موجود ہیں جبکہ فنگر پرنٹ اسکینر پر بھی بیک پر ہی دیا گیا ہے۔

اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم سے لیس اس فون میں وائی فائی 5، بلیوٹوتھ 5.0 اور ہیڈ فون جیک جیسے فیچرز بھی موجود ہیں۔

اس کی قیمت 160 ڈالرز (27 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے اور امریکا سے باہر دیگر ممالک میں متعارف کرانے کے حوالے سے ابھی کمپنی نے کوئی اعلان نہیں کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں