واٹس ایپ کے وہ نئے فیچرز جو اس ایپ کو بدل دیں گے

10 اکتوبر 2021
یہ نئے فیچرز آنے والے مہینوں میں دستیاب ہوں گے — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ نئے فیچرز آنے والے مہینوں میں دستیاب ہوں گے — شٹر اسٹاک فوٹو

واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین مسیجنگ اپلیکشن ہے جس کے صارفین کی تعداد 2 ارب سے زائد ہے۔

یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے مسلسل نت نئے فیچرز پر کام ہوتا رہتا ہے تاکہ اس کے صارفین کسی اور میسجنگ ایپ کا رخ نہ کریں۔

عام طور پر یہ نئے فیچرز پہلے بیٹا پروگرام میں آتے ہیں اور وہاں مختلف آزمائشی مراحل سے گزرنے کے بعد تمام صارفین تک پہچنتے ہیں۔

آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں بھی واٹس ایپ کی جانب سے متعدد فیچرز متعارف کرائے جائیں گے، جن کے بارے میں ابھی علم نہیں۔

مگر کچھ فیچرز ایسے ہیں جو اس وقت بیٹا ورژنز میں موجود ہیں اور امید ہے کہ آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

میسج ری ایکشنز

فیس بک میسنجر میں میسج ری ایکشنز کا فیچر تو کافی عرصے سے موجود ہے اور اب بہت جلد واٹس ایپ میں بھی اسے متعارف کرایا جائے گا۔

فیس بک میسنجر استعمال کرنے والے اس فیچر سے بخوبی واقف ہیں اور واٹس ایپ میں بھی کسی میسج پر صارف ایموجی سے اپنا ردعمل ظاہر کرسکیں گے۔

ری ایکشنز کے لیے کتنے ایموجیز واٹس ایپ میں دستیاب ہوں گے اس بارے میں ابھی کچھ کہنا ممکن نہیں۔

چیٹ ببلز کا نیا انداز

صارفین واٹس ایپ پر اپنا زیادہ وقت چیٹ ونڈوز میں گزارتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کمپنی اس تجربے کو بہتر بنانا چاہتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ آپ کے میسج کے ارگرد جو سبز ببلز نظر آتے ہیں انہیں ری ڈیزائن کیا جارہا ہے تاکہ ان ببلز کو زیادہ پرکشش بنایا جاسکے۔

پہلے سے بہتر کانٹیکٹ کارڈ

واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ورژن میں کمپنی کی جانب سے پہلے سے بہتر ڈیزائن والے کانٹیکٹ کارڈ کا فیچر جلد متعارف کرایا جائے گا۔

اس وقت کانٹیکٹ کارڈ میں صرف فوٹو نظر آتی ہے مگر ری ڈیزائن کارڈ میں کالز، ٹیکسٹ اور ویڈیو کال کے آپشنز بھی موجود ہوں گے، گروپ کانٹیکٹ کارڈ میں ٹیکسٹ بھیجنے کا آپشن ہوگا۔

نئے فوٹو ایڈیٹنگ ٹولز

واٹس ایپ کی جانب سے ایک ایسے فوٹو ایڈیٹر پر کام کیا جا رہا ہے جو اس وقت اسٹوریز میں دستیاب فوٹو ایڈیٹر سے ملتا جلتا ہے۔

اس فوٹو ایڈیٹر سے صارفین فوٹوز میں اسٹیکرز کا اضافہ کرسکیں گے اور ان کو کراپ بھی کرسکیں گے، اسی طرح فوٹوز میں ٹیکسٹ اور ایموجیز کو بھی شامل کیا جاسکے گا۔

اپ ڈیٹڈ وائس میسجز

واٹس ایپ کی جانب سے وائس میسجز فیچر کو بھی اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے۔

اب صارفین وائس میسجز کو بھیجنے سے پہلے سن بھی سکیں گے جبکہ واٹس ایپ کی جانب سے پیغام ریکارڈ کراتے ہوئے ویوفارم کو بھی ڈسپلے کیا جائے گا۔

یہ فیچر بھی بیٹا ورژن میں موجود ہے جس کی آزمائش کچھ عرصے تک جاری رہے گی جس کے بعد اسے عام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں