بل گیٹس کی بیٹی نے مصری نوجوان سے شادی کرلی

اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2021
شادی کی ایک تصویر — فوٹو بشکریہ العربیہ
شادی کی ایک تصویر — فوٹو بشکریہ العربیہ

مائیکرو سافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک بل گیٹس کی بڑی بیٹی جینیفر نے اپنے مصری منگیتر نائل نصر سے شادی کرلی۔

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق پہلے ایک خفیہ مسلم تقریب اور پھر 16 اکتوبر کو نیویارک میں ایک عام تقریب میں یہ جوڑا رشتہ ازدواج سے منسلک ہوا۔

اس تقریب کے موقع پر دیہی سڑکوں کو بند کردیا گیا تھا جبکہ اس شادی پر 20 لاکھ ڈالرز کا خرچ ہوا۔

یہ تقریب جینیفر کے ویسٹ چیسٹر ہارس فارم میں منعقد ہوئی جس میں سیکڑوں مہمانوں نے شرکت کی۔

فوٹو بشکریہ العربیہ
فوٹو بشکریہ العربیہ

اسی جگہ پہلے شادی کی رسومات نجی طور پر ادا کی گئیں اور پھر دعوت کا انعقاد ہوا۔

بل گیٹس کی بیٹی اور مصری مسلمان نوجوان کے معاشقے کی رپورٹس 2017 میں سامنے آئی تھیں اور اس وقت ہی یہ چہ مگوئیاں ہوئی تھیں کہ جلد ہی دونوں شادی کرلیں گے۔

تاہم جینیفر گیٹس کی جانب سے ماسٹر کی تعلیم کی وجہ سے ان کی شادی ممکن نہ ہوسکی لیکن دونوں اس عرصے کے دوران انتہائی قریب رہے اور ایک دوسرے سے رومانس کرتے دکھائی دیے۔

دونوں ایک ساتھ اپنی تصاویر شیئر کرتے رہتے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں ایک ساتھ اپنی تصاویر شیئر کرتے رہتے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

جنوری 2020 میں دونوں نے منگنی کی تھی اور اس کی تصدیق انسٹاگرام پوسٹس کے ذریعے کی گئی۔

جینیفر گیٹس نے منگیتر کے ساتھ برف پوش علاقے میں کھچوائی گئی رومانوی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ 10 لاکھ بار بھی نائل نصر کی پیش کش قبول کرتیں اور وہی ان کے لیے بہترین شخص اور پہلی پسند ہیں۔

نائل نصر نے بھی جینیفر گیٹس کے ساتھ منگنی کے دوران کھچوائی گئی تصاویر شیئر کیں جس میں بل گیٹس کی بیٹی کو انگوٹھی کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ نائل نصر کے والدین عرب ملک کویت میں آرکیٹک کی ایک کمپنی چلاتے ہیں، وہ کاروبار کے سلسلے میں ہی مصر سے 3 دہائیاں قبل کویت منتقل ہوئے تھے۔

نائل نصر کی پیدائش امریکا میں ہوئی تھی تاہم ان کی پرروش کویت میں ہوئی اور انہوں نے اعلیٰ تعلیم امریکا سے حاصل کی۔

نائل نصر اور جینیفر گیٹس نے امریکا کی اسٹین فورڈ یونیورسٹی سے ماسٹر کر رکھا ہے، مصری نوجوان نے 2013 جب کہ جینیفر گیٹس نے 2018 میں ماسٹر کیا اور دونوں کو گھڑ سواری کا شوق ہے۔

ستمبر 2021 میں جینیفر گیٹس نے شادی کی رسومات کے آغاز کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کی تھی، اس تقریب کی میزبانی ملینڈا گیٹس نے کی تھی۔

خیال رہے کہ اگست 2021 میں جج کی جانب سے منظوری دیئے جانے کے بعد شادی کے 27 سال بعد بل گیٹس اور ملینڈا فرنچ گیٹس کی طلاق ہوگئی۔

تبصرے (1) بند ہیں

M. Saeed Oct 18, 2021 12:34pm
Marriage of convenience in affluence.