آریان خان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت نہ ہوسکی

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2021
آریان خان تین اکتوبر سے جیل میں ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
آریان خان تین اکتوبر سے جیل میں ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کے بیٹے کی ضمانت درخواست پر 21 اکتوبر کو ممبئی ہائی کورٹ میں ہونے والی ممکنہ سماعت نہ ہوسکی، اب عدالت آئندہ ہفتے سماعت کرے گی۔

شاہ رخ خان کے بیٹے کی ضمانت کے لیے 20 اکتوبر کو آریان خان کے وکلا نے ممبئی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس پر 21 اکتوبر کو سماعت ہونے کا امکان تھا۔

تاہم عدالت میں شاہ رخ خان کے بیٹے کی درخواست پر سماعت نہ ہوسکی اور اب ان کی سماعت آئندہ ہفتے 26 اکتوبر کو ہونے کا امکان ہے۔

خبر رساں ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) کے مطابق آریان خان کے وکلا نے تصدیق کی کہ ان کی درخواست پر 26 اکتوبر کے روز سماعت ہوگی۔

وکلا کے مطابق انہوں نے ججز کو ہنگامی بنیادوں پر ویڈیو لنک کے ذریعے بھی سماعت کرنے کی اپیل کی تھی، جسے مسترد کردیا گیا۔

اسی حوالے سے ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بتایا کہ ممبئی ہائی کورٹ نے اگلے ہفتے کا شیڈول جاری کردیا، جس میں 26 اکتوبر کو آریان خان کی درخواست پر سماعت کا بھی ذکر ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ آریان خان کے وکلا نے عدالت کو بھی یہ بھی گزارش کی کہ 22 یا 25 اکتوبر کو سماعت کی جائے مگر ججز نے درخواست مسترد کردی۔

آریان خان کی ضمانت کے لیے 20 اکتوبر کو ممبئی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
آریان خان کی ضمانت کے لیے 20 اکتوبر کو ممبئی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

رپورٹ کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ میں نارکوٹکس فورس کے وکلا نے بتایا کہ انہیں باضابطہ طور پر قانونی نوٹس کے ذریعے آگاہ نہیں کیا گیا، جس کے بعد عدالت نے ضمانت درخواست پر سماعت آئندہ ہفتے رکھنے کا شیڈول جاری کردیا۔

اگر آئندہ ہفتے بھی آریان خان کی درخواست پر ضمانت نہ ہوسکی تو ان کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں، کیوں کہ نمبر کے پہلے ہفتے کے بعد بھارتی عدالتوں کی سالانہ موسم سرماں کی چھٹیاں ہونے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آریان خان کی ضمانت کیلئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر

ممبئی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے سے قبل آریان خان نے سیشن کورٹ سے رجوع کیا تھا، جس نے ان کی درخواست 20 اکتوبر کو مسترد کردی تھی۔

اس سے قبل آریان خان نے میٹروپولیٹن کورٹ میں ضمانت درخواست دائر کی تھی، جسے عدالت نے 7 اکتوبر کو مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 دن کے ریمانڈ پر جیل بھیج دیاتھا اور ان کا ریمانڈ 21 اکتوبر کی شب کو مکمل ہوگا۔

شاہ رخ خان کے بیٹے کو تین اکتوبر کو ساتھیوں سمیت ممبئی کے ساحل سمندر پر ایک کروز شپ سے گرفتار کیا گیا تھا، ان پر الزام ہے کہ وہ ساتھیوں سمیت مذکورہ کروز میں ڈرگ پارٹی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

ماتحت عدالتیں دو بار آریان خان کی درخواستیں مسترد کرچکی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک/ پریس ٹرسٹ آف انڈیا
ماتحت عدالتیں دو بار آریان خان کی درخواستیں مسترد کرچکی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک/ پریس ٹرسٹ آف انڈیا

انہیں انسداد منشیات فورس یعنی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے دوستوں ارباز مرچنٹ، منمن دھمیچا، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چوکر اور گومت چوپڑا سمیت کروز پارٹی سے گرفتار کیا تھا۔

آریان خان اس وقت دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ممبئی کے آرتھر جیل میں ہیں جب کہ ان کے ہمراہ گرفتار کی گئی دو خواتین منمن دھمیچا سمیت دوسری خاتون کو عورتوں کے جیل میں رکھا گیا ہے۔

آریان خان کی گرفتاری اور عدالت میں چلنے والی کارروائیوں کی وجہ سے ان کا کیس بھارت کا انتہائی ہائی پروفائل کیس بن چکا ہے اور مذکورہ معاملے پر سیاست دان بھی کود پڑے ہیں۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ خان کی جیل میں بیٹے آریان سے ملاقات

کئی لوگ مسلمان اداکار کے بیٹے کی گرفتاری اور ان کے خلاف عدالتی کارروائیوں کو مسلمانوں کے خلاف کارروائیاں قرار دے رہے ہیں جب کہ بعض لوگ مذکورہ معاملے کو نارکوٹکس فورس کی پھرتیاں کہ رہے ہیں۔

دوسری جانب 21 اکتوبر کو شاہ رخ خان نے گرفتاری کے بعد پہلی بار بیٹے کے ساتھ آرتھر جیل میں 20 منٹ تک ملاقات کی، اس دوران سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے تھے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے اداکار نے بیٹے کے ہمراہ موبائل فون پر ویڈیو کے ذریعے بات چیت کی تھی جب کہ انہوں نے بیٹے کو جیل میں قوانین کے مطابق 4 ہزار 500 روپے بھی اخراجات کے لیے بھجوائے تھے۔

بھارتی جیل قوانین کے مطابق قیدی ماہانہ 4500 روپے اخراجات کے لیے اہل خانہ سے منگوا سکتا ہے۔

بیٹے کی گرفتاری کے بعد پہلی بار 21 اکتوبر کو اداکار نے جیل جاکر آریان خان سے ملاقات کی تھی—فوٹو: این ڈی ٹی وی
بیٹے کی گرفتاری کے بعد پہلی بار 21 اکتوبر کو اداکار نے جیل جاکر آریان خان سے ملاقات کی تھی—فوٹو: این ڈی ٹی وی

تبصرے (0) بند ہیں