آئرلینڈز اور نیدرلینڈز کو شکست، نمیبیا اور سری لنکا سپر 12 راؤنڈ میں پہنچ گئے

اپ ڈیٹ 23 اکتوبر 2021
میچ میں فتح کے بعد نمیبیا کے کپتان کا فاتحانہ انداز— فوٹو: اے پی
میچ میں فتح کے بعد نمیبیا کے کپتان کا فاتحانہ انداز— فوٹو: اے پی

ٹی20 ورلڈ کپ 2021 میں نمیبیا نے ایک مرتبہ پھر بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے آئرلینڈ کو زیر کر کے سری لنکا کے ہمراہ سپر 12 راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست ثابت ہوا۔

اوپنرز پال اسٹرلنگ اور کیون اوبرائن نے ٹیم کو 62 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم پھر دونوں ہی کھلاڑی یکے بعد دیگرے 38 اور 25 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس مرحلے پر کپتان اینڈی بلبرائن کا ساتھ دینے گیرتھ ڈیلینی آئے اور دونوں نے اسکور کو 94 تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر ڈیلینی صرف 9 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ کپتان بلبرائن کی اننگز بھی 21 رنز پر تمام ہوئی۔

اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ آئرلینڈ کی ٹیم 140 سے 150 کے مجموعے تک رسائی میں کامیاب رہی لیکن وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے سبب آئرش ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 125 رنز بنائے۔

نمیبیا کی جانب سے جان فرائی لنک نے تین اور ڈیوڈ ویزے نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کو اوپنرز نے 25 رنز کا آغاز فراہم کیا ہی تھا کہ کریگ ولیمز 15 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔

ایک وکٹ گرنے کے بعد زین گرین کا ساتھ دینے کپتان جیرہارڈ ایراسمس آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 48 رنز جوڑ کر اسکور کو 73 تک پہنچا دیا، گرین 24 رنز بنانے کے بعد کرٹس کیمفر کی دوسری وکٹ بنے۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد نمیبیا کو آخری 40 گیندوں میں فتح کے لیے 53 رنز درکار تھے لیکن ڈیوڈ ویزے کے 14 گیندوں پر 28 رنز کی بدولت نمیبیا نے 9 گیندوں قبل ہی فتح حاصل کر لی، کپتان ایراسمس نے ناقابل شکست 53 رنز کی اننگز کھیلی۔

میچ میں 8 وکٹوں سے فتح کے ساتھ ساتھ نمیبیا نے سپر 12 راؤنڈ کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا۔

ڈیوڈ ویزے کو عمدہ بیٹنگ اور باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سری لنکا کی آسان فتح

دوسری جانب سری لنکا نے بھی نیدرلینڈز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر لگاتار تیسرے میچ میں فتح حاصل کر لی۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا اور نیدرلینڈز کی ٹیم صرف 10 اوورز میں 44 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے کولن ایکرمین واحد کھلاڑی تھے جو 11 رنز کے ساتھ ڈبل فیگر میں داخل ہوئے اور بقیہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔

سری لنکا کی جانب سے لہیرو کمارا اور ونندو ہسارنگا ڈی سلوا نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہیش تھکشانا نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

لہیرو کمارا کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: اے ایف پی
لہیرو کمارا کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: اے ایف پی

آسان ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم بھی دو وکٹوں سے محروم ہو گئی تھی لیکن کوشل پریرا نے 33 رنز کی اننگز کھیل کر آٹھویں اوور میں ہی اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

7 رنز کے عوض 3 وکٹیں لینے والے لہیرو کمارا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے بعد نمیبیا اور سری لنکا نے سپر 12 راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں