ابرار الحق کے ’بے بی شارک‘ اسٹائل کے دیسی گانے کے چرچے

اپ ڈیٹ 27 اکتوبر 2021
گانے کی تعریفیں کی جا رہی ہیں—اسکرین شاٹ
گانے کی تعریفیں کی جا رہی ہیں—اسکرین شاٹ

ماضی میں جنوبی کوریا کے مقبول ترین گانے ’بے بی شارک‘ سے متعلق متنازع بات کرنے والے پاکستانی گلوکار ابرار الحق نے اسی گانے کے انداز کو کاپی کرتے ہوئے دیسی گانا تیار کرلیا۔

ماضی میں ابرار الحق نے کہا تھا کہ آج کل کی مائیں بچوں کو موبائل فون پر ’بے بی شارک‘ لگا کر دیتی ہیں جب کہ جب وہ بچے تھے تب مائیں بچوں کو اسلامی کلمات سناتی تھیں۔

ابرار الحق کے مذکورہ بیان پر کئی شوبز شخصیات نے ان پر تنقید بھی کی تھی مگر اب خود ہی انہوں نے ’بے بی شارک‘ کے انداز کو کاپی کرکے اردو اور پنجابی زبان میں گانا جاری کردیا۔

ابرار الحق نے ’بیگم شک کرتی ہے‘ کے عنوان سے 25 اکتوبر کو گانا جاری کیا، جس میں صبا قمر کو ماڈلنگ کرتے دکھایا گیا ہے۔

مزاحیہ گانا بیوی کی جانب سے شوہر پر شک کیے جانے کی کہانی کے گرد گھومتا ہے مگر گانے کو گنگنانے کا انداز ’بے بی شارک‘ کی کاپی ہے۔

گانے میں جہاں ’بے بی شارک‘ کے انداز کو کاپی کیا گیا ہے، وہیں گانے میں ’تنظیم سازی‘ کا جملہ بھی استعمال کیا گیا ہے۔

گانے میں شامل کیے گئے ’تنظیم سازی‘ کے جملے کا اشارہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کے واقعے کے پس منظر میں شامل کیا گیا ہے۔

زیادہ تر لوگوں نے ابرارالحق کے گانے کی تعریفیں کیں—اسکرین شاٹ
زیادہ تر لوگوں نے ابرارالحق کے گانے کی تعریفیں کیں—اسکرین شاٹ

گانے میں دکھایا گیا کہ بیوی کو اپنے شوہر کی جانب سے دوسری خواتین سے ملاقات کرنے کا علم ہوتا ہے اور اسی منظر کو ’تنظیم سازی‘ بتایا گیا ہے۔

گانے کو ریلیز کیے جانے کے بعد جہاں کئی لوگوں نے ان کی تعریفیں کی، وہیں بعض لوگوں نے ان کی جانب سے ’تنظیم سازی‘ کے جملے کو استعمال کرنے پر بھی اعتراض کیا۔

ان کے یوٹیوب چینل پر بعض لوگوں نے یہ کمنٹس بھی کیے کہ ’تنظیم سازی‘ کا جملہ سن کر کے عمران خان کے چہرے پر مسکراہٹ ضرور آئے گی۔

لوگوں نے ابرارالحق کو لیجنڈ قرار دیا—اسکرین شاٹ
لوگوں نے ابرارالحق کو لیجنڈ قرار دیا—اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں