ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

اپ ڈیٹ 27 اکتوبر 2021
جیسن روئے نے 61 رنزبناکرٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا—فوٹو: اے ایف پی
جیسن روئے نے 61 رنزبناکرٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا—فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ آئی پی ایل میں اس وکٹ پر بہت کھیلا ہے — فوٹو: آئی سی سی
انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ آئی پی ایل میں اس وکٹ پر بہت کھیلا ہے — فوٹو: آئی سی سی
انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ آئی پی ایل میں اس وکٹ پر بہت کھیلا ہے — اسکرین گریب
انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ آئی پی ایل میں اس وکٹ پر بہت کھیلا ہے — اسکرین گریب

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ون کے میچ میں انگلینڈ نے باؤلرز کی شان دار کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش کے خلاف باآسانی 8 وکٹوں سے فتح حاصل کرلی۔

ابوظبی کے شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیش کے دونوں اوپنرز لٹن داس اور محمد نعیم 14 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے، دونوں بلے بازوں کو معین علی نے آؤٹ کیا۔

تیسرے نمبر پر آنے والے شکیب الحسن بھی بلے بازی میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 26 کے مجموعے پر 4 رنز بنا کر کرس ووکس کا شکار بنے۔

مشفق الرحیم نے سب سے زیادہ 29 رنز بنائے اور 11 ویں اوور کی چوتھی گیند پر آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیش کا اسکور 63 رنز تھا، جس کے بعد عفیف حسین کی 73 رنز پر گری۔

عفیف حسین 5 رنز بنا کر وکٹوں کے درمیان رن لینے کی کوشش میں آؤٹ ہوگئے۔

کپتان محموداللہ بھی ٹیم کو مشکل سے نکالنے میں ناکام رہے اور صرف 19 بنا کر 83 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

مہدی حسن 11 رنز بنا سکے اور 98 کے اسکور پر ملز کی وکٹ بن گئے، ان کے بعد آنے والے بلے باز نسم احمد نے نورالحسن کا ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے اسکور 124 رنز تک پہنچایا۔

نورالحسن 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے فوری بعد مستفیض الرحمٰن صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 124 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے ملز نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، معین علی اور لیونگسٹن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنر جوز بٹلر 18 رنز بنا کر نسم احمد کی وکٹ بن گئے تاہم دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 39 رنز بنا لیے تھے۔

جیسن روئے نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 38 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 61 رنز کی اننگز کھیل کر 112 کے مجموعے پر شریف الاسلام کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 15 ویں اوور کی پہلی گیند پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا کر حاصل کرلیا۔

ڈیوڈ ملان 28 اور جونی بیئراسٹو 8 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، جیسن روئے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں بنگلہ دیشی کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر کہا تھا کہ وکٹ، بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے اور زیادہ سے زیادہ ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور شریف الاسلام کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے کہا تھا کہ آئی پی ایل میں اس وکٹ پر بہت کھیلا ہے اور یہ اس وقت کی طرح آج بھی اچھی لگ رہی ہے۔

دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

انگلینڈ: اوئن مورگن (کپتان)، جیسن روئے، جوز بٹلر، ڈیوڈ ملان، جونی بیئراسٹو، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس، کرس جورڈن، عادل رشید اور ٹائمل ملز

بنگلہ دیش: محموداللہ (کپتان)، لٹن داس، محمد نعیم، شکیب الحسن، مشفیق الرحیم، عفیف حسین، نورالحسن، مہدی حسن، شریف الاسلام، نسم احمد اور مستفیض الرحمٰن

تبصرے (0) بند ہیں