واٹس ایپ کے ویب ورژن کے لیے 3 نئے فیچرز متعارف

02 نومبر 2021
کمپنی کی جانب سے ان فیچرز کا اعلان کیا گیا — فوٹو بشکریہ واٹس ایپ
کمپنی کی جانب سے ان فیچرز کا اعلان کیا گیا — فوٹو بشکریہ واٹس ایپ

اگر آپ واٹس ایپ کے ویب ورژن کو استعمال کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ فیس بک کی زیرملکیت کمپنی نے اس پلیٹ فارم کے لیے چند نئے فیچرز متعارف کرا دیئے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اب صارفین واٹس ایپ کے ویب ورژن میں بھی تصاویر کو ایڈٹ اور پریویو لنکس کی سہولت استعمال کرسکیں گے۔

اس کے علاوہ ایک نیا اسٹیکر سجیشن فیچر بھی ویب ورژن کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اس فیچر میں جب صارف ایک میسج ٹائپ کریں گے تو ان کے سامنے اسٹیکر سجیشن آئیں گے اور وہ اپنی بات چیت کے دوران درست اسٹیکر کو دریافت کرسکیں گے۔

اس سے قبل اسٹیکر استعمال کرنے والے صارفین کو مختلف ٹیبز میں جاکر اپنی پسند کا اسٹیکر ڈھونڈنا پڑتا ہے اور اکثر یہ آسان بھی نہیں ہوتا۔

مگر اس نئی اپ ڈیٹ سے یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔

کمپنی کے مطابق اس فیچر کو پرائیویسی کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ واٹس ایپ آپ کی سرچز کو نہ دیکھ سکے۔

واٹس ایپ ویب ورژن میں میڈیا ایڈیٹر فیچر کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔

اب تک صرف ایپ کے موبائل ورژن میں ہی کسی تصویر کو ایڈٹ کیا جاسکتا تھا مگر اب کمپنی نے ویب ورژن کے لیے بھی یہ سہولت پیش کردی ہے۔

یعنی کوئی بھی صارف کمپیوٹر سے بھی تصاویر ایڈٹ کرکے میسجز بھیج سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق لنکس پریویو کو بھی بہتر کیا جارہا ہے اور اب ویب ورژن میں کسی لنک کا مکمل پریویو نظر آئے گا، جس سے انہیں لنک کے ٹھیک ہونے کا زیادہ معلوم ہوسکے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں