افغانستان کو 66رنز سے شکست دے کر بھارت کی ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلی فتح

اپ ڈیٹ 03 نومبر 2021
روی چندرن ایشون نے 14 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے پی
روی چندرن ایشون نے 14 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے پی
بھارت کے  اوپنرز نے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز امیں بیٹنگ کی— فوٹو: اے پی
بھارت کے اوپنرز نے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز امیں بیٹنگ کی— فوٹو: اے پی
افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے— فوٹو: ٹوئٹر
افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے— فوٹو: ٹوئٹر

ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت نے بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت افغانستان کو 66 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔

ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز امیں بیٹنگ کی اور ابتدائی 10اوورز میں کوئی بھی وکٹ نہ گرنے دی۔

روہت شرما اور لوکیش راہل نے پاور پلے میں عمدہ کھیل پیش کیا اور 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم کرتے ہوئے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔

روہت شرما نے فارم میں واپس آتے ہوئے 37 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور دوسرے اینڈ سے لوکیش راہل نے بھی بہترین بیٹنگ کے ذریعے نصف سنچری کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکت کی شراکت میں 140 رنز بنائے، جس کے بعد روہت شرما کور میں کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے تاہم آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 74رنز بنائے۔

لوکیش راہل نے 48 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں سے مزین 69 رنز کی اننگز کھیلی لیکن گلبدین نے ان کی وکٹیں بکھیر کر افغانستان کو دوسری وکٹ دلا دی۔

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے باوجود پانڈیا اور پنت نے بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اختتامی اوورز میں چھکوں اور چوکوں کی بارش کردی۔

دونوں کھلاڑیوں نے 21 گیندوں پر 63 رنز کی ساجھے داری کی، پانڈیا نے 13 گیندوں پر 35 اور پنت نے 13 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔

بھارت نے مقررہ اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے جو اب تک اس ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

افغانستان نے اننگز کا آغاز کیا تو اسکور ابھی 13 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ بھارت کو پہلی کامیابی مل گئی اور شامی نے محمد شہزاد کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر جسپریت بمراہ کو چھکا مارنے کی کوشش میں حضرت اللہ زازئی کیچ آؤٹ ہو گئے۔

رحمٰن اللہ گرباز نے دو چھکوں کی مدد سے 19رنز بنائے لیکن رویندرا جدیجا نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ 59 کے مجموعے پر گلبدین نائب بھی 18رنز بنا کر روی چندرن ایشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

نجیب اللہ زدران بھی صرف 11 رنز بنا سکے اور ایشون نے انہیں آؤٹ کر کے اپنی دوسری وکٹ حاصل کر لی۔

پانچ وکٹین گرنے کے بعد محمد نبی کا ساتھ دینے کریم جنت آئے اور دونوں نے 47رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرائی، نبی 35 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ راشد خان کھاتا بھی نہ کھول سکے۔

افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 144رنز بنائے اور میں شکست کھا گئے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ روی چندرن ایشون نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

افغانستان: محمد نبی (کپتان) حضرت اللہ زازئی، محمد شہزاد (وکٹ کیپر)، رحمٰن اللہ، شرف الدین اشرف، نجیب اللہ زدران، گلبدین نائب، کریم جنت، راشد خان، نوین الحق، حامد حسن۔

بھارت: ویرات کوہلی(کپتان)،روہت شرما، لوکیش راہل، سوریا کمار یادیو، ریشابھ پنت، ہردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، شردُل ٹھاکر، روی چندرن ایشون، محمد شامی، جسپریت بمراہ ۔

تبصرے (0) بند ہیں