ہواوے کے نئے فلیگ شپ فونز کو متعارف کرانے کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

04 نومبر 2021
میٹ 50 کا ممکنہ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ گیزمو چائنا
میٹ 50 کا ممکنہ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ گیزمو چائنا

ہواوے نے جولائی 2021 کے آخر میں پی 50 سیریز کو متعارف کرایا تھا اور اب فلیگ شپ میٹ 50 کو پیش کرنے کی تیاری کررہی ہے۔

درحقیقت ہواوے کی جانب سے میٹ 50 سیریز کے ذریعے پریمیئم اسمارٹ فون مارکیٹ میں واپسی کی تیاری کی جارہی ہے۔

ایک نئی رپورٹ کے مطابق میٹ سیریز کے فونز 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران متعارف کرائے جائیں گے جس کے بارے میں کمپنی نے فی الحال کچھ نہیں بتایا۔

مگر سابقہ لیکس کے مطابق یہ فونز مارچ 2022 میں پیش کیے جاسکتے ہیں۔

پہلے خیال کیا جارہا تھا کہ ہواوے کی جانب سے میٹ 50 سیریز کو 2021 میں ہی کسی وقت متعارف کرایا جائے گا مگر پی 50 کو ہی کافی تاخیر سے جولائی میں پیش کیا گیا، جس کے باعث میٹ سیریز فونز کو التوا میں ڈال دیا گیا۔

میٹ سیریز کے فونز میں کوالکوم کا فلیگ شپ اسنیپ ڈراگون 898 پراسیسر استعمال کیے جانے کا امکان ہے مگر دیگر کمپنیوں کے برعکس میٹ 50 سیریز میں یہ پراسیسر 5 جیی سپورٹ کی بجائے 4 جی کنکٹویٹی دیئے جانے کا امکان ہے۔

کوالکوم کی جانب سے یہ پراسیسر دسمبر 2021 میں متعارف کرایا جائے گا۔

ہواوے فونز میں ایل ٹی پی او ڈسپلے دیئے جانے کا امکان ہے، یہی ٹیکنالوجی ایپل کے آئی فون 31 پرو سیریز میں بھی دیکھنے میں آئی تھی۔

اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ فونز میں 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ بھی دستیاب ہوگی۔

کچھ لیکس کے مطابق میٹ 50 سیریز سیٹلائیٹ کنکٹویٹی بھی دی جاسکتی ہے تاکہ فونز کو ایسے خطوں میں بھی استعمال کیا جاسکے جہاں موبائل نیٹ ورک دستیاب نہ ہو۔

ہواوے کی جانب سے اس مقصد کے لیے چین کے ہی تیار کردہ بیداؤ سیٹلائیٹ سسٹم کو استعمال کیا جاسکے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں